باقی لیڈروں کی رہائی تک میری آزادی نا مکمل: فاروق عبداللہ

نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان کی آزادی تب تک نامکمل ہے جب تک باقی محبوس سیاسی لیڈروں کو رہا نہیں کیا جائے گا

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان کی آزادی تب تک نامکمل ہے جب تک باقی محبوس سیاسی لیڈروں کو رہا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تب تک کسی سیاسی معاملے پر بات بھی نہیں کریں گے۔

انہوں نے ان باتوں کا اظہار یہاں قریب ساڑھے سات ماہ کی نظر بندی ختم ہونے کے بعد اپنی گپکار رہائش گاہ پر میڈیا کے سامنے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ مولی عبداللہ، بیٹی صفیہ عبداللہ خان اور ایک نواسہ بھی تھا۔


موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے کہا: 'میری آزادی تب تک مکمل نہیں ہے جب تک نہ باقی لیڈروں بشمول عمر عبداللہ، محبوبہ جی کو رہا کیا جائے گا جو مختلف جیلوں اور جگہوں پر بند ہیں'۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت ہند باقی محبوس لیڈروں کی رہائی کے لئے فوری اقدام کرے گی۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ میں کسی بھی سیاسی معاملے پر تب تک بات نہیں کروں گا جب تک نہ تمام محبوس لیڈران رہا ہوں گے۔ انہوں نے ملک کے تمام لیڈروں اور عوام سے جموں کشمیر کے عوام کے لئے آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔

فاروق عبداللہ نے ملک کی اپوزیشن جماعتوں، لیڈران اور اُن افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جموں وکشمیر کے عوام کی آواز بلند کی اور ہماری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نامہ نگاروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بقول ان کے جموں وکشمیر کے لوگوں کے حقوق اور مشکلات بات کی۔ اُن کا فرداً فرداً شکر گزار ہوں جو میری اور دیگر محبوسین کی رہائی کے لئے دعا کرتے رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔