یونائٹیڈ انڈیا ریلی LIVE: مودی جی کا ’ڈیٹ ایکسپائر‘ ہو گیا ہے... ممتا بنرجی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی ریلی میں مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اپوزیشن اتحاد کا مظاہرہ کرنے کے مقصد سے کم و بیش 20 پارٹیوں کے لیڈران کولکاتا کے ’بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ‘ میں جمع ہوئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

19 Jan 2019, 4:55 PM

مودی جی کا ’ڈیٹ ایکسپائر‘ ہو چکا ہے، وہ کسی کام کے نہیں: ممتا بنرجی

کولکاتا میں ’یونائٹیڈ انڈیا‘ ریلی کو خطاب کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی نے عوام کو ٹھگنے کا کام کیا ہے جسے اب لوگ سمجھ چکے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ مودی جی کا ’ڈیٹ ایکسپائر‘ ہو گیا ہے اس لیے اب وہ دوبارہ حکومت میں نہیں آنے والے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم انھیں بتانا چاہتے ہیں کہ جس طرح دوا کا ایکسپائری ڈیٹ ختم ہونے کے بعد اسے پھینک دیا جاتا ہے اسی طرح ان کا بھی ڈیٹ ایکسپائر ہو چکا ہے۔ وہ کسی کام کے نہیں ہیں۔‘‘

19 Jan 2019, 4:09 PM

تیجسوی یادو نے بھی پی ایم مودی پر کیا حملہ، کہا ’مودی جی جھوٹ بولنے کی فیکٹری ہیں‘

کولکاتا ریلی میں آر جے ڈی لیڈر اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے اپنے خطاب میں ’بی جے پی بھگاؤ، دیش بچاؤ‘ کا نعرہ دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ جو لوگ مودی اور بی جے پی کے سامنے نہیں جھکتے انھیں انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ اور سی بی آئی کے ذریعہ الگ الگ معاملوں میں پھنسایا جاتا ہے۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے ریلی میں موجود لوگوں سے کہا کہ ’’میرے والد کو سازش کے تحت پھنسایا گیا کیونکہ ہم ان کے سامنے نہیں جھکے۔‘‘ تیجسوی یادو نے پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’مودی چوکیدار ہیں تو ملک کی عوام تھانیدار ہے، انھیں چھوڑے گی نہیں۔‘‘ انھوں نے مودی کو جھوٹ کی فیکٹری بھی قرار دیا اور کہا کہ بغیر سوچے سمجھے جھوٹ بولنا پسند کرتے ہیں۔ تیجسوی یادو نے پی ایم مودی پر بہار کو دھوکہ دینے کا بھی الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’خصوصی ریاست کے نام پر پی ایم مودی نے بہار کی بولی لگائی تھی۔‘‘

19 Jan 2019, 3:29 PM

شتروگھن سنہا نے مودی کو بنایا تنقید کا نشانہ اور راہل کی کر دی تعریف

کولکاتا ریلی کو خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر شتروگھن سنہا کا کہنا ہے کہ اگر سچ بولنا بغاوت ہے تو ہاں، میں باغی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ میں بی جے پی کو آئینہ دکھانے کی کوشش کرتا ہوں۔ شتروگھن سنہا نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اٹل بہاری واجپئی کے زمانے میں لوک شاہی تھی اور اس زمانے میں تاناشاہی ہے۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی بھی اس کا ایک نمونہ ہے۔

شتروگھن سنہا نے اسٹیج سے اپنی ہی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ہی ساتھ راہل گاندھی کی تعریف بھی کی۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے تین ریاستوں میں انتخاب جیت کر شاندار مثال پیش کی ہے۔ شتروگھن سنہا نے کہا کہ راہل گاندھی جی ایس ٹی کو ’گبر سنگھ ٹیکس‘ کہتے ہیں، یہ صحیح ہے۔ جی ایس ٹی نے لوگوں کو برباد کر دیا اس لیے اس کو اسی نام سے یاد کیا جا سکتا ہے۔

شتروگھن سنہا نے اپنی تقریر میں رافیل معاہدہ کا بھی تذکرہ کیا۔ اس تعلق سے انھوں نے پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت رافیل معاہدے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اگر آپ اسے چھپائیں گے تو لوگ یہی کہیں گے کہ ’چوکیدار‘ چور ہے۔


19 Jan 2019, 2:35 PM

مودی اور امت شاہ ملکی آئین کو بدلنا چاہتے ہیں: اروند کیجریوال

کولکاتا ریلی کو خطاب کرتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور امت شاہ ملک کی آئین کو بدلنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ کچھ بھی کر لیں ہم انھیں ایسا کرنے نہیں دیں گے۔ کیجریوال مزید کہتے ہیں کہ یہ وقت وزیر اعظم کا امیدوار پوچھنے کا وقت نہیں ہے، یہ وقت مودی اور شاہ کو بھگانے کا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ پانچ سال کے اندر ملک کے لوگوں کے اندر زہر بھر دیا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ مودی اور شاہ کا موازنہ ہٹلر سے کرنے میں بھی کوئی کوتاہی نہیں کی اور کہا کہ ’’ہٹلر کی طرح مودی اور امت شاہ ملک کی آئین کو بدلنا چاہتے ہیں۔‘‘

19 Jan 2019, 1:58 PM

سبھاش بابو لڑے تھے گوروں سے، ہم لڑیں گے چوروں سے: ہاردک پٹیل

گجرات کے معروف دلت لیڈر ہاردک پٹیل نے مودی حکومت کو زبردست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کولکاتا کی ریلی میں بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’سبھاش بابو لڑے تھے گوروں سے، ہم سب کو مل کر لڑنا ہے چوروں سے۔‘‘ ہاردک پٹیل نے اس موقع جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج یہاں جو عوامی سیلاب آیا ہے وہ ایک نئے انقلاب کےس اتھ اس ملک کو بچانے کے لیے ہے۔ اسے ملک کی آئین کو بچانے کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہے۔ آپ کی زمین سے سبھاش بابو کا نعرہ تھا کہ تم مجھے خون دو میں تمھیں آزادی دوں گا، آج ہمیں ایک بار پھر آزادی کے لیے لڑنے کی ضرورت ہے۔‘‘


19 Jan 2019, 1:16 PM

مودی حکومت نے جن اداروں کو برباد کر دیا، اسے ہم پھر سے بہتر بنائیں گے: فاروق عبداللہ

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے ’یونائٹیڈ انڈیا ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک نیا ہندوستان تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ایک ایسا ہندوستان جہاں سبھی لوگ ایک ساتھ مل کر رہ سکیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ جن اداروں کو موجودہ حکومت نے برباد کر کے رکھ دیا ہے، ہم اسے پھر سے ٹھیک کریں گے۔ اپنی تقریر کے دوران فاروق عبداللہ نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ای وی ایم کی جگہ بیلٹ پیپر کے استعمال کا مطالبہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ ای وی ایم مشین میں کئی بار خامیاں سامنے آئی ہیں اس لیے انتخابات میں بیلٹ پیپر کا استعمال کیا جانا چاہیے۔ فاروق عبداللہ نے بی جے پی پر لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔

19 Jan 2019, 12:18 PM

بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں لوگ ہزاروں کی تعداد میں موجود، ممتا بنرجی کا ہوا استقبال

ترنمول کانگریس لیڈر اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ذریعہ منعقد ’یونائٹیڈ انڈیا ریلی‘ میں لوگوں کی زبردست بھیڑ پہنچی ہے اور چاروں طرف مودی حکومت کے خلاف نعرہ لکھے ہوئے بینر لہرا رہے ہیں۔ فاروق عبداللہ، اکھلیش یادو، چندرا بابو نائیڈو، ایم کے اسٹالن، ایچ ڈی کماراسوامی اور اروند کیجریوال جیسے قدآور لیڈروں کو ایک اسٹیج پر دیکھ کر بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں موجود عوام پرجوش ہے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں مودی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے بار بار نعرے بھی بلند کر رہی ہے۔ ممتا بنرجی نے اپوزیشن اتحاد کا مظاہرہ کرنے پہنچے سبھی اپوزیشن لیڈران کا استقبال کیا اور انھیں اسٹیج پر بٹھایا۔

اس ریلی میں گجرات کے رکن اسمبلی جگنیش میوانی بھی پہنچے ہیں اور اپنی تقریر کے دوران انھوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو ملک کی فضا خراب کرنے کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا۔ انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’’ملک آج برے دور سے گزر رہا ہے۔ سبھی پارٹیاں بی جے پی اور آر ایس ایس کو شکست دینے کے لیے ایک ساتھ آئی ہیں۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ہم سب مل کر مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کر دیں گے۔‘‘

جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے لیڈر اور جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین بھی اس ریلی میں پہنچے اور انھوں نے مودی حکومت پر دلتوں اور قبائلیوں کے خلاف پالیسی اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’سبھی علاقائی پارٹیاں مل کر فرقہ پرست طاقتوں کو جواب دیں گی۔ بی جے پی حکومت میں دلتوں اور قبائلیوں کا استحصال ہو رہا ہے جس پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔‘‘ اروناچل پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور چند روز قبل ہی بی جے پی سے رشتہ توڑنے والے گوگانگ اپانگ نے بھی اپوزیشن کے ساتھ ہاتھ ملا کر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’گزشتہ چار سالوں میں ہندوستانی جمہوریت برے دور سے گزرا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔