مرکزی وزیر سنجیو بالیان کے بھائی کا کورونا سے انتقال، دوسرے بھائی کی حالت سنگین

سنجیو بالیان کے بھائی جتیندر بالیان حال ہی میں ختم ہوئے پچایت الیکشن میں گاؤں کٹبی کے پردھان بنے تھے۔ گزشتہ کئی دنوں سے وہ رشی کیش واقع ایمس میں کورونا کا علاج کرا رہے تھے، لیکن صحت یاب نہیں ہو سکے۔

کورونا سے ہلاک جتیندر بالیان
کورونا سے ہلاک جتیندر بالیان
user

تنویر

کورونا وائرس کے انفیکشن نے ہندوستان میں عوام کے ساتھ ساتھ سیاستداں طبقہ کو بھی پریشان کر رکھا ہے۔ کئی سیاسی ہستیاں کورونا انفیکشن کے سبب انتقال بھی کر گئی ہیں اور کئی اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر سنجیو بالیان کے اہل خانہ میں سے کئی افراد کورونا کی زد میں ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق سنجیو بالیان کے بھائی جتیندر بالیان کی کورونا سے موت بھی واقع ہو گئی ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جہاں سنجیو بالیان کے ایک بھائی کا انتقال ہو چکا ہے، وہیں کورونا انفیکشن کے شکار دوسرے بھائی کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے اور وہ ایمس میں زیر علاج ہیں۔ ویسے مہلوک جتیندر بالیان مرکزی وزیر سنجیو بالیان کے تاؤ کے بیٹے تھے۔ جتیندر حال ہی میں ختم ہوئے پچایت الیکشن میں گاؤں کٹبی کے پردھان بنے تھے۔ گزشتہ کئی دنوں سے وہ رشی کیش واقع ایمس میں زیر علاج تھے۔


یہاں قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر سنجیو بالیان کی فیملی پنچایت الیکشن کے بعد کورونا انفیکشن کی زد میں آ گئی تھی۔ اس وقت اہل خانہ میں ایک ہنگامی حالت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سبھی خوف و دہشت کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں۔ جتیندر بالیان کی موت کے بعد گھر والوں میں غم و اندوہ کا ماحول بھی پیدا ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔