مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کا انتقال، طویل مدت سے اسپتال میں چل رہا تھا علاج

لالو یادو نے پاسوان کے انتقال پر اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا "گزشتہ 45 سالوں کا اٹوٹ رشتہ اور ان کے ساتھ لڑی سبھی سماجی، سیاسی لڑائیاں آنکھوں میں تیر رہی ہیں۔ رام ولاس بھائی آپ جلدی چلے گئے۔"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

مرکزی وزیر اور بہار کے سرکردہ سیاسی لیڈروں میں سے ایک رام ولاس پاسوان کا آج طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ 74 سالہ پاسوان مدت دراز سے دل اور گردے کی تکلیف میں مبتلا تھے اور بغرض علاج انھیں دہلی کے فورٹس اسکورٹس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے انتقال کی خبر بیٹے چراغ پاسوان نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعہ دی۔ چراغ پاسوان نے ٹوئٹ میں لکھا ہے "پاپا... اب آپ اس دنیا میں نہیں ہیں لیکن مجھے پتہ ہے آپ جہاں بھی ہیں ہمیشہ میرے ساتھ ہیں۔ آپ بہت یاد آئیں گے پاپا...۔" اس ٹوئٹ کے ساتھ چراغ پاسوان نے اپنے والد کے ساتھ بچپن کی ایک یادگار تصویر بھی شیئر کی ہے۔

رام ولاس پاسوان کی موت کی خبر پھیلتے ہی سیاسی حلقوں میں گم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ خصوصی طور پر بہار سے تعلق رکھنے والے سیاسی لیڈروں نے افسوس کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی نے اس اندوہناک خبر کے ملتے ہی اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ "ملک نے اپنا لیڈر کھویا ہے، لیکن میں نے اپنا بڑا بھائی کھو دیا۔ میرے لیے یہ تکلیف ناقابل برداشت ہے۔ ان کی کمی میری زندگی میں ہمیشہ محسوس ہوگی۔"


سابق وزیر اعلیٰ لالو یادو نے بھی اس خبر کو انتہائی غم ناک قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ "رام ولاس بھائی کے اچانک انتقال کی خبر سن کر بہت تکلیف میں ہوں۔ گزشتہ 45 سالوں کا اٹوٹ رشتہ اور ان کے ساتھ لڑی سبھی سماجی، سیاسی لڑائیاں آنکھوں میں تیر رہی ہیں۔ رام ولاس بھائی آپ جلدی چلے گئے۔ اس سے زیادہ کچھ کہنے کی حالت میں نہیں ہوں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔