مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے کا کورونا کے سبب انتقال، پی ایم مودی کا اظہار تعزیت

مودی حکومت میں مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے سریش انگاڈی کا کورونا کی وبا کے سبب انتقال ہو گیا، وزیر اعظم نریندر مودی نے سریش انگاڈی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے

سریش انگاڈی میں 11 ستمبر کو کورونا کی تصدیق ہوئی تھی
سریش انگاڈی میں 11 ستمبر کو کورونا کی تصدیق ہوئی تھی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مودی حکومت میں مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے سریش انگاڈی کا کورونا کی وبا کے سبب انتقال ہو گیا ہے۔ وزیر میں دو ہفتے قبل کورونا کی تصدیق ہوئی تھی اور وہ ایمس دہلی میں زیر علاج تھے، جہاں گزشتہ شب وہ زندگی کی جنگ ہار گئے۔ اس سے پہلے تین ارکان پارلیمنٹ کا کورونا کے سبب انتقال ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سریش انگاڈی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا، ’’سریش انگاڈی ایک غیر معمولی کارکن تھے جنہوں نے کرناٹک میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے سخت محنت کی۔ وہ ایک سرشار پارلیمنٹیرین اور موثر وزیر تھے، جن کی ہر جگہ تعریف کی جاتی تھی۔ ان کا انتقال افسوسناک ہے۔ غم کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ میری تعزیت۔‘‘


وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ صدر رام ناتھ کووند، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر ریلوے پیوش گوئل، راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ جیوتیرادتیہ سندھیا اور راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سریش انگاڈی کی پیدائش 1955 میں ہوئی تھی اور وہ کرناٹک کے بیلگام ضلع سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے رہنما تھے۔ وہ اپنی طویل سیاسی زندگی میں پارٹی کے کئی عہدوں پر فائز رہے۔ سال 1996 میں وہ بیلگام کے بی جے پی کے نائب صدر مقرر کئے گئے تھے۔ اس کے بعد ان کا سیاسی قد بڑھتا چلا گیا۔

وہ 2004 کے لوک سبھا انتخابات میں اور پھر 2009 میں رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ جب 2014 میں بی جے پی اقتدار میں آئی تھی تو وہ تیسری بار اور گذشتہ سال ہونے والے عام انتخابات میں چوتھی بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔ اس کے بعد، انہیں موجودہ حکومت میں مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے بنایا گیا۔ سریش انگاڈی قانون کی ڈگری سے فارغ التحصیل تھے۔ ان کے پسماندگان میں ان کی بیوی اور دو بیٹیاں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔