اترپردیش بی جے پے کے نئے صدر بنے مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری
مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ ’’آج 14 دسمبر 2025 کو سنگٹھن پَرو کے موقع پر مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ متفقہ طور پر پنکج چودھری کو بی جے پی اترپردیش کا نیا صدر منتخب کیا گیا ہے۔‘‘

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اترپردیش اکائی کے نئے ریاستی صدر کے لیے مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری کے نام کا اعلان کیا ہے۔ پنکج چودھری بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں، کیونکہ وہ 13 دسمبر کو نامزدگی داخل کرنے والے واحد امیدوار تھے۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل کی موجودگی میں اتوار (14 دسمبر) کو لکھنؤ میں ان کے نام کا اعلان ہوا ہے۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ ’’آج 14 دسمبر 2025 کو سنگٹھن پَرو کے موقع پر مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ متفقہ طور پر پنکج چودھری کو بھارتیہ جنتا پارٹی اترپردیش کا نیا صدر منتخب کیا گیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ پنکج چودھری مہاراج گنج پارلیمانی حلقہ سے 7 مرتبہ رکن منتخب ہوئے ہیں۔ ان کا تعلق کُرمی ذات سے ہے، یہ ذات دیگر پسامندہ طبقات (او بی سی) میں آتی ہے۔ انہیں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا بھروسے مند مانا جاتا ہے۔
کرمی برادری کا پورے اترپردیش میں ’او بی سی‘ میں کافی اثر ہے اور 2024 کے لوک سبھا اور 2022 کے اسمبلی انتخاب میں اس ذاتی نے ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی سماجوادی پارٹی (ایس پی) کی جانب اپنا جھکاؤ دکھایا تھا۔ پنکج چودھری کا سیاسی سفر مقامی سطح پر شروع ہوا تھا، جب انہوں 1989 سے 1991 تک گورکھپور میں میونسپل کارپوریشن کے ممبر کے طور پر کام کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے ایک سال تک میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر کے طور پر کام کیا۔ اس کے بعد انہیں گورکھپور کا ڈپٹی میئر منتخب کیا گیا۔
اترپردیش بی جے پی کے صدر بننے پر پنکج چودھری کو نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’حکومت ہند میں مرکزی وزیر مملکت پنکج چودھری کو اترپردیش پردیش بی جے پی کا صدر منتخب کیے جانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور روشن مدت کار کے لیے نیک خواہشات! مجھے پورا بھروسہ ہے کہ آپ کی قیادت میں نتظیم نئی توانائی اور عزم کے ساتھ عوامی خدمت کے جذبے کو مزید مضبوط کرے گی۔ وزیر اعظم مودی کی رہنمائی اور آپ کی قیادت میں اترپردیش میں بی جے پی کی تنظیم عظیم بلندیوں پر پہنچے گی اور یقیناً 2027 میں اترپردیش میں زبردست فتح حاصل کرے گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔