’پاکسو‘ معاملے میں مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے بیٹے کو بڑا جھٹکا، 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیجا گیا جیل
بھاگیرتھ کو جمعہ کی رات ہائی کورٹ نے گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ بھاگیرتھ کی پیشگی ضمانت کی عرضی پرعدالت نے کہا کہ وہ اس مرحلے پر کوئی عبوری راحت دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔

مرکزی وزیر سنجے کمار کے بیٹے بھاگیرتھ کو ہفتہ کی رات پاکسو کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے کل دیر رات طبی معائنے کے بعد ملزم بھاگیرتھ کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔ عدالت نے پاکسو معاملے میں بھاگیرتھ کو 29 مئی تک 14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا۔ بھاگیرتھ کو چیرلاپلی جیل منتقل کیا گیا ہے۔
ملزم بھاگیرتھ کے وکیل ایڈوکیٹ کروناساگر نے دعویٰ کیا کہ ’’میں نے سینئر ایڈوکیٹ انتھونی ریڈی کے ساتھ مل کر رات 8:15 بجے کے قریب بھاگیرتھ کو ٹیک پارک کے قریب پولیس کے حوالے کیا، پولیس نے بھاگیرتھ کو حراست میں لے لیا۔ ہم نے تحقیقات میں تعاون کیا ہے اور بھاگیرتھ نے تمام معلومات فراہم کردی ہیں اور تحقیقات میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔‘‘
کرونا ساگر نے کہا کہ بھاگیرتھ کو رات ہی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں مجسٹریٹ نے اسے 29 مئی تک عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں تحقیقات اور عدالتی عمل پر پورا بھروسہ ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہم ان الزامات سے بری ہو جائیں گے اور بے قصور ثابت ہوں گے‘‘۔ وکیل دفاع کے مطابق ہم نے رضاکارانہ طور پر پولیس کے سامنے خودسپردگی کی ہے۔ ہمیں نہیں لگتا کہ مجھے اس سلسلے میں کسی قسم کی وضاحت کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سے پہلے دن میں حیدر آباد کی سائبرآباد پولیس نے بھاگیرتھ کے خلاف لک آؤٹ سرکلر جاری کیا تھا اور پولیس ٹیموں نے اسے تلاش کرنے کے لیے ملک بھر میں تلاشی مہم شروع کی تھی۔ تحقیقات کے تحت ہفتہ کو ایک مجسٹریٹ کے سامنے مبینہ متاثرہ (17) اور اس کی ماں، جو اس معاملے میں شکایت کنندہ ہے، کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ حالانکہ وزیر سنجے کمار نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو پولیس کے سامنے پیش ہونے اور جانچ میں تعاون کرنے کے لیے کہا تھا۔
تازہ پیش رفت تلنگانہ ہائی کورٹ کے بھاگیرتھ کو گرفتاری سے عبوری تحفظ دینے سے انکار کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔ ایک بیان میں سنجے کمار نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے شکایت درج ہونے کے فوراً بعد اپنے بیٹے سے پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کو کہا تھا۔ دریں اثناء تلنگانہ رکھشا سینا (ٹی آرایس) کی صدر کے کویتا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے ایک خط میں مرکزی کابینہ سے امور داخلہ کے وزیر مملکت سنجے کمار کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تاکہ ان کے بیٹے سے متعلق پاکسو کیس کی منصفانہ اور آزادانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جاسکے۔
واضح رہے کہ بھاگیرتھ کو جمعہ کی رات تلنگانہ ہائی کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا جب عدالت نے انہیں گرفتاری سے عبوری تحفظ فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ بھاگیرتھ کی جانب سے دائر پیشگی ضمانت کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہا کہ وہ اس مرحلے پر کوئی عبوری راحت دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
