ایم پی: پیتم پور میں یونین کاربائیڈ کا کچرا فی الحال نہیں جلایا جائے گا، عوامی احتجاج کے بعد وزیر اعلیٰ کا فیصلہ
پیتم پور میں یونین کاربائیڈ کے زہریلے کچرے کو جلانے کے منصوبے کے خلاف عوامی احتجاج کے بعد وزیر اعلیٰ موہن یادو نے اعلان کیا کہ عدالت کا حکم آنے تک کچرا نہیں جلایا جائے گا

سوشل میڈیا
بھوپال: دھار ضلع کے پیتم پور صنعتی علاقے میں یونین کاربائیڈ کے 337 ٹن زہریلے کچرے کو جلانے کے منصوبے پر جمعہ کے روز شدید احتجاج اور سڑکوں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی۔ مظاہرین نے اس دوران کئی مقامات پر خودسوزی کی کوشش بھی کی، جس کے نتیجے میں دو افراد جھلس ہو گئے۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے رات دیر گئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا، جس میں ڈپٹی وزیر اعلیٰ راجندر شکلا، جگدیش دیوڑا، کابینہ وزیر کیلاش وجے ورگیہ، چیف سیکریٹری انوراگ جین، ایڈووکیٹ جنرل، اور لاء سیکریٹری شریک تھے۔
وزیر اعلیٰ موہن یادو نے کہا کہ عوام کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ریاستی حکومت عوامی جذبات کو عدالت کے سامنے پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا، ’’جب تک عدالت کا حکم نہیں آتا، پیتم پور میں یونین کاربائیڈ کا کچرا نہیں جلایا جائے گا۔‘‘ انہوں نے عوام سے افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی اور یقین دلایا کہ عدالت کے احکامات کے مطابق ہی کوئی اقدام کیا جائے گا۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ کچرے کو جلانے سے پیتم پور اور آس پاس کے علاقوں میں صحت اور ماحولیاتی خطرات پیدا ہوں گے۔ جمعہ کو اس مسئلے پر احتجاج کے دوران مظاہرین نے سڑکیں بند کیں، اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔ اس کے جواب میں پولیس نے ہلکا لاٹھی چارج کیا۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق، پانچ مختلف مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں کچھ ملزمان نامعلوم جبکہ کچھ نامزد ہیں۔ دھار کے ایس پی منوج کمار سنگھ نے بتایا کہ شہر میں حالات قابو میں ہیں اور معمولات زندگی بحال ہو چکے ہیں۔ فیکٹریاں دوبارہ کھل گئی ہیں اور ورکرز صبح کی شفٹ میں کام پر پہنچ گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچرے کی منتقلی کے دوران عدالت کی دی گئی 4 جنوری کی ڈیڈ لائن پر عمل کیا گیا تھا۔ تاہم، انہوں نے مزید کہا کہ اگر عوام میں کسی بھی قسم کا خوف یا خطرہ محسوس کیا گیا تو اس معاملے کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔