عام بجٹ 2020: اقلیتوں کے لیے کوئی اہم اعلان نہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

01 Feb 2020, 7:39 PM

بجٹ میں اقلیتوں کے لیے کوئی اہم اعلان نہیں

نئی دہلی: وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے سال 2020-21 کے بجٹ میں اقلیتوں کی ترقی کے لئے کسی نئی اسکیم کا اعلان نہیں کیا لیکن گذشتہ مالی سال کے مقابلے اقلیتی امور کی وزارت کے لئے بجٹ میں 329کروڑ روپے کا اضافہ کیاگیا ہے جو کہ پچھلے بجٹ کے مقابلے سات فیصد زیادہ ہے۔

اس مرتبہ بجٹ میں اقلیتی امور کی وزارت کے لئے 5029 کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے جب کہ گذشتہ مالی سال 4700 کروڑ روپے کا التزام تھا۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں 329 کروڑ روپے زیادہ ہیں۔ اقلیتی امور کے تحت اقلیتوں کی ترقی کے لیے اہم پروگرام چلائے جاتے ہیں۔جس کے لئے 1820 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ جب کہ پچھلے سال ان پروگراموں کے لیے 1709 کروڑ روپے الاٹ کیے گئے تھے۔ رمن نے بجٹ پیش کرنے کے دوران کہا کہ اقلیتوں کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔

01 Feb 2020, 6:44 PM

بجٹ میں دہلی کے ساتھ سوتیلا سلوک: کیجریوال

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے عام بجٹ 2020کو مایوس کن قراردیتے ہوئے کہا کہ اس میں دہلی کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا گیا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر مسٹر کیجریوال نے ٹوئٹ کرکے کہا’دہلی کو بجٹ سے بہت امیدیں تھیں لیکن ایک بار پھر دہلی والوں کے ساتھ سوتیلا سلوک ہوا ہے۔ دہلی بی جے پی کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے تو دہلی والے بی جے پی کو ووٹ کیوں دیں؟ سوال یہ بھی ہے کہ الیکشن سے قبل ہی جب بی جے پی دہلی کو مایوس کررہی ہے تو الیکشن کے بعد اپنے وعدے کیا نبھائے گی؟“

نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے بجٹ کو مایوس کن اور دھوکہ دینے والا بتایا۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا ”اکتادینے والی تقریر، مایوس بجٹ، دہلی والوں کو پھر دکھایا ٹھینگا۔“

01 Feb 2020, 4:10 PM

بجٹ پیش ہونے کے بعد اوندھے منھ گرا شیئر بازار، سنسیکس 988 پوائنٹ نیچے

مودی حکومت کے بجٹ سے سرمایہ کاروں کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ سرمایہ کاروں کے لاکھوں کروڑ روپے ڈوب گئے ہیں۔ بجٹ پیش ہونے کے بعد شیئر بازار میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی اور سنسیکس 987.96 پوائنٹ گر کر 39735.53 پر بند ہوا۔


01 Feb 2020, 3:03 PM

روزگار اور معیشت کے لیے بجٹ میں کچھ بھی نہیں: راہل گاندھی

نرملا سیتارمن کے ذریعہ پیش کردہ مرکزی بجٹ کی اپوزیشن پارٹیاں پرزور تنقید کر رہی ہیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اس بجٹ پر رد عمل ظاہرے کرتے ہوئے کہا کہ ’’نرملا سیتارمن نے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک پارلیمنٹ میں تقریر کی۔ اس کے باوجود بجٹ میں کچھ بھی خاص نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ملک کے سامنے سب سے بڑی پریشانی بے روزگاری دور کرنے اور خستہ معیشت کو درست کرنے سے متعلق ہے، لیکن بجٹ میں اسے لے کر حکومت کی جانب سے کوئی خاص قدم نہیں اٹھایا گیا۔‘‘

01 Feb 2020, 2:09 PM

مجھے خوشی ہے کہ وزیر مالیات نے سرکاری خزانہ میں خسارہ کا اعتراف کیا

بجٹ 21-2020 پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر کپل سبل نے کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ وزیر مالیات نے اعتراف کیا کہ سرکاری خزانہ کا خسارہ 3.8 فیصد ہے۔ ان کو ملک کو یہ بھی بتانا چاہیے تھا کہ اگر آپ یونین اور اسٹیٹ کا خسارہ جوڑیں تو یہ 8 فیصد سے زیادہ ہے جو ملک کے لیے فکر انگیز حالت ہے۔‘‘


01 Feb 2020, 1:35 PM

شیئر بازار میں کہرام، سنسیکس 582 پوائنٹ نیچے

ایک طرف مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن بجٹ پیش کر رہی ہیں اور دوسری طرف شیئر بازار میں اس مایوس کن بجٹ سے کہرام مچا ہوا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق سنسیکس 582.87 پوائنٹ نیچے چلا گیا ہے۔ نفٹی میں بھی گراوٹ کا دور دیکھنے کو مل رہا ہے اور اس وقت وہ 100 سے زیادہ پوائنٹ نیچے چلا گیا ہے۔

01 Feb 2020, 12:58 PM

تعلیمی شعبہ کے لیے 99300 کروڑ روپے الاٹمنٹ کا اعلان

نرملا سیتارمن نے نئی تعلیمی پالیسی جلد منظر عام پر لانے کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ کہا ہے کہ تعلیمی شعبہ کے لیے 99 ہزار 300 کروڑ روپے الاٹ کیے جائیں گے۔ مرکزی وزیر مالیات نے تعلیمی شعبہ میں ایف ڈی آئی لانے کا بھی اعلان کیا ہے۔


01 Feb 2020, 12:16 PM

سیتارمن نے کی ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ کی تعریف، اپوزیشن کا اعتراض، لوک سبھا میں ہنگامہ

بجٹ تقریر کے دوران نرملا سیتارمن نے ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ منصوبہ کی تعریف کی اور کہا کہ اس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان کے ذریعہ دیے گئے اس بیان سے لوک سبھا میں موجود اپوزیشن پارٹی اراکین ناراض ہوئے اور ہنگامہ کرنے لگے۔ مرکزی وزیر مالیات نے اپنی بات لوک سبھا مین رکھتے ہوئے کہا کہ ’’تعلیمی معاملہ میں ہر سطح پر لڑکیوں کا تناسب بہتر ہوا ہے اور ان کی تعداد اب لڑکوں سے زیادہ ہو چکی ہے۔‘‘

01 Feb 2020, 12:10 PM

صنعتوں کے ڈیولپمنٹ کے لیے 27300 کروڑ روپے بجٹ کی تجویز

مرکزی وزیر مالیات نے صنعتوں کی ترقی کے لیے 27 ہزار 300 کروڑ روپے بجٹ فراہم کرنے کی تجویز کا تذکرہ اپنی بجٹ تقریر کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ انڈسٹری کے ڈیولپمنٹ کے لیے سال 21-2020 کے دوران وہ 27 ہزار 300 کروڑ روپے خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔


01 Feb 2020, 11:41 AM

دودھ، مچھلی اور گوشت بزنس کے لیے چلے گی ’کسان ریل‘

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے ’کسان ریل‘ چلانے کا وعدہ کرتے ہوئے بتایا کہ کسان ریل دودھ، مچھلی اور گوشت کی تجارت کے مدنظر چلائی جائے گی جس کی وجہ سے کسانوں کو بہت آسانیاں میسر ہوں گی۔ ماہی پروری کے لیے ’ساگر متر‘ منصوبہ چلانے کا بھی نرملا سیتارمن نے وعدہ کیا۔ اپنی تقریر کے دوران مرکزی وزیر مالیات نے کہا کہ ’’ہماری حکومت 2022 تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔‘‘

01 Feb 2020, 11:23 AM

جی ایس ٹی سے تجارت کو فائدہ پہنچا: سیتارمن

وزیر مالیات نرملا سیتارمن کا کہنا ہے کہ یہ جی ایس ٹی کا ہی نتیجہ ہے کہ ٹرانسپورٹیشن اور رسد سیکٹر میں مضبوطی حاصل ہوئی ہے۔ انسپکٹر راج ختم ہو گیا ہے۔ اس نے انتہائی چھوٹے، چھوٹے اور درمیانے صنعت (ایم ایس ایم ای) کو فائدہ پہنچایا ہے۔ جی ایس ٹی سے صارفین کو ایک لاکھ کروڑ روپے کا سالانہ فائدہ ملا ہے۔


01 Feb 2020, 11:17 AM

اس بجٹ میں سب کے لیے ہے کچھ خاص: مرکزی وزیر مالیات

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے بجٹ 2020 پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ عام لوگوں کا بجٹ ہے اور اس بجٹ میں سب کے لیے کچھ نہ کچھ خاص موجود ہے۔ بجٹ پیش کرنے سے پہلے تقریر کرتے ہوئے نرملا سیتارمن نے کہا کہ اس سال اپریل ماہ میں جی ایس ٹی کا آسان ورژن سامنے آئے گا جس سے لوگوں کی پریشانیاں کم ہو جائیں گی۔

01 Feb 2020, 10:57 AM

مرکزی کابینہ نے بجٹ پر لگائی مہر، اب لوک سبھا میں ہوگا پیش

مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں بجٹ 2020 کو منظوری مل گئی ہے۔ اب تھوڑی ہی دیر میں مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن اس بجٹ کو لوک سبھا میں پیش کریں گی۔ غریب اور متوسط طبقہ کی نظریں اس بجٹ پر مرکوز ہیں اور انھیں امید ہے کہ نرملا سیتارمن انھیں کوئی نہ کوئی سوغات ضرور دیں گی۔


01 Feb 2020, 10:43 AM

پی ایم مودی پہنچے پارلیمنٹ، تھوڑی دیر میں شروع ہوگی کابینہ میٹنگ

پی ایم مودی پارلیمنٹ پہنچ گئے ہیں، تھوڑی دیر میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ شروع ہوگی، کابینہ میٹنگ میں بجٹ کو دی جائے گی منظوری، کابینہ کی منظوری ملنے کے بعد وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن صبح 11 بجے ملک کا بجٹ پیش کریں گی۔

01 Feb 2020, 10:26 AM

پارلیمنٹ میں لائی گئیں بجٹ کی کاپیاں

بجٹ پیش کرنے سے پہلے پارلیمنٹ میں بجٹ کی کاپیاں لائی گئی ہیں، 11 بجے لوک سبھا میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن ملک کا بجٹ پیش کریں گی۔


01 Feb 2020, 10:14 AM

صدر جمہوریہ سے منظوری ملنے کے بعد نرملا سیتارمن پارلیمنٹ پہنچیں

بجٹ پیش کرنے سے متعلق صدر جمہوریہ کے ذریعہ منظوری ملنے کے بعد مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن پارلیمنٹ پہنچ گئی ہیں۔ وہ یہاں پہلے کابینہ میٹنگ میں شریک ہوں گی اور اس کے بعد پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کریں گی۔

01 Feb 2020, 9:27 AM

لال ’بہی کھاتہ‘ لے کر وزارت مالیات سے نکلیں نرملا سیتارمن

وزارت مالیات نرملا سیتارمن مرکزی بجٹ 21-2020 پیش کرنے سے پہلے ’بہی کھاتہ‘ کے ساتھ وزارت مالیات سے باہر نکلی ہیں۔ اب وزیر مالیات راشٹرپتی بھون جائیں گی اور اس کے بعد پارلیمنٹ پہنچیں گی۔


01 Feb 2020, 9:12 AM

نرملا سیتارمن آج 11 بجے پیش کریں گی بجٹ، ہر طبقہ لگائے بیٹھا ہے امید!

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتا رمن آج لوک سبھا میں 11 بجے 21-2020 کا عام بجٹ پیش کریں گی۔ بطور وزیر مالیات نرملا سیتارمن دوسرا عام بجٹ پیش کرنے جا رہی ہیں۔ بجٹ پر سبھی طبقہ کی نگاہیں مرکوز ہیں۔ بجٹ سے آٹو، رئیل اسٹیٹ سمیت دیگر سیکٹر کو کافی امیدیں ہیں۔ وہیں متوسط طبقہ ٹیکس کٹوتی کی امید میں بیٹھا ہے۔ ملک کے کسان، نوجوان اور خاتون طبقہ کو بھی اس بجٹ سے کافی امیدیں ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ بجٹ ایسے وقت میں پیش ہونے جا رہا ہے جب ملک کی معیشت خستہ ہے۔ اس مالی سال میں معاشی شرح ترقی 5 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔ یہ شرح ترقی 11 سال میں سب سے کم تر ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔