’ریاست میں اِسی سال نافذ ہوگا یونیفارم سول کوڈ‘، قدرتی آفات سے نبرد آزما اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کا اعلان

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا ہے کہ جتنی جلد ہو سکے یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنا ہمارا عزم ہے، دھامی کے مطابق جب ہمیں یو سی سی ڈرافٹ مل جائے گا تو ہم اس عمل کو آگے بڑھائیں گے۔

وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی / یو این آئی
وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ایک بار پھر ایسا بیان دیا ہے جس نے ریاست کی سیاست میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ دراصل یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) سے متعلق وزیر اعلیٰ دھامی نے کہا ہے کہ جتنی جلد ہو سکے یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کا ہمارا عزم ہے۔ دھامی کا کہنا ہے کہ ’’جب ہمیں یو سی سی ڈرافٹ مل جائے گا تو ہم اس عمل کو اس سال آگے بڑھائیں گے۔ ہم یونیفارم سول بل کو ریاست میں جلد از جلد نافذ کریں گے۔‘‘

یہ بیان وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کھٹیما میں دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یو سی سی کے بارے میں ہمارا عزم ہے کہ ہم اسے جلد لائیں گے۔ یہ ہمارے انتخابی منشور میں بھی شامل تھا۔ ہمیں جس کام کے لیے عوام نے منتخب کیا ہے، ہم اس وعدے کو پورا کریں گے اور ہم جلد ہی ریاست میں یکساں سول بل لائیں گے۔ دھامی حکومت نے یو سی سی تیار کرنے کے لیے مارچ 2022 میں کمیٹی بنائی تھی۔ اس کمیٹی نے عام لوگوں سے ان کی رائے اور مشورے طلب کیے تھے۔


واضح رہے کہ اس متنازعہ ایشو پر دھامی کا بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ریاست قدرتی آفات کا سامنا کر رہی ہے۔ بارش اور لینڈ سلائڈنگ کے سبب پیدا سنگین حالات سے نمٹنے کی کوششیں اب بھی جاری ہیں۔ اس سال ہوئی بارش سے ریاست کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ اب تک کے اندازے کے مطابق قدرتی آفت سے 1335 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے ازالہ کے لیے ریاستی آفات فنڈ سے 323 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ لیکن بقیہ تقریباً ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی امداد کے لیے ریاستی حکومت مرکز کو خط لکھے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔