کشمیر: سوپور میں نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ، ایک ہی کنبے کے 4 افراد زخمی

شمالی کشمیر کے ایپل ٹاون سوپور میں گزشتہ رات نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے ایک میوہ تاجر کے کنبے کے چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک دو سالہ بچی بھی شامل ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: شمالی کشمیر کے ایپل ٹاون سوپور میں گزشتہ رات نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے ایک میوہ تاجر کے کنبے کے چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک دو سالہ بچی بھی شامل ہے۔

جموں وکشمیر پولس نے فائرنگ کے اس واقعہ کے لئے جنگجوئوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ پولس کے ایک ترجمان نے کہا کہ سوپور کے ڈانگر پورہ میں گزشتہ رات دو جنگجو عبدالحمید راتھر نامی میوہ تاجر کے گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کنبے کے چار افراد زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں جن میں ایک دو سالہ بچی بھی شامل ہے، کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ پولس ترجمان نے کہا کہ فائرنگ کے واقعہ کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوچکے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔


ریاستی پولس نے دعویٰ کیا ہے کہ راتھر کو دکان کھولنے کی وجہ سے ہی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران کشمیر زون پولس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'دہشت گردوں نے ڈانگر پورہ سوپور میں فائرنگ کرکے ایک کمسن بچی سمیت چار افراد کو زخمی کیا۔ سبھی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ کیس کی تحقیقات جاری ہیں'۔

قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوال نے زخمی کمسن بچی کو علاج ومعالجہ کے لئے نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کرنے کی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے۔ قبل ازیں نامعلوم اسلحہ برداروں نے 29 اگست کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ پارمپورہ میں ایک دکاندار کو گولی مار کر ہلاک کیا۔ مہلوک دکاندار کی شناخت غلام محمد کے طور پر ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔