بدقسمتی سے بی جے پی بغیر انتخابات کے ہی بر سر اقتدار ہے: عمر عبداللہ

عمر عبداللہ نے کہا کہ اگر بی جے پی مضبوط ہوتی تو یہاں الیکشن منعقد ہوئے ہوتے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جموں وکشمیر میں الیکشن ہوں گے تو بی جے پی کا صفایا ہوگا

عمر عبداللہ / آئی اے این ایس
عمر عبداللہ / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی انتخابات لڑے بغیر ہی جموں وکشمیر پر حکومت کر رہی ہے جو ہمارے لئے بدقسمتی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی مضبوط ہوتی تو یہاں الیکشن منعقد ہوئے ہوتے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جموں وکشمیر میں الیکشن ہوں گے تو بی جے پی کا صفایا ہوگا۔ موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو وسطی ضلع بڈگام میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔

جموں وکشمیر وقف بورڈ چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی کے ایک جوابی بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ 'ہم الیکشن کا انتظار کیوں کریں گے اگر انتخابات منعقد ہوں گے تو ان (بی جے پی) کا صفایا ہوگا'۔ ان کا کہنا تھا کہ 'اگر بی جے پی اپنی جگہ مضبوط ہوتی تو الیکشن ہوئے ہوتے لیکن وہ جموں میں بھی اور کشمیر میں بھی ہار جائے گی'۔ انہوں نے کہا کہ 'اگر ان میں ہمت ہے تو پارلیمانی انتخابات کے ساتھ اسمبلی انتخابات بھی کرائیں'۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی کو یہاں انتخابات منعقد کرائے بغیر ہی اقتدار حاصل ہوا جو ہماری بدقسمتی ہے۔ فلموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان دو فلموں سے مذہب پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'یہ ان لوگوں کی سازش ہے جیسے جیسے پارلیمانی انتخابات نزدیک آئیں گے وہ ایسی حرکتیں کریں گے لیکن ہمیں عقلمندی سے ان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاست کرنے کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔