شرح بے روزگاری تین سال کی اعلیٰ سطح پر، ہریانہ-ہماچل کے نوجوان بے بس

مودی حکومت بھلے ہی کتنے بھی دعوے کرے لیکن ملک کے نوجوانوں کو ملازمتیں تلاش کرنے سے بھی نہیں مل رہی ہیں۔ حالت یہ ہے کہ ملک کی بے روزگاری شرح تین سال کی اعلیٰ سطح پر پہنچ گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ملک میں بے روزگاری شرح تین سال کی سب سے اونچی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ سنٹر فارم مانیٹرنگ انڈین اکونومی (سی ایم آئی ای) کے ذریعہ جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مہینے یعنی اکتوبر میں بے روزگاری شرح 8.5 فیصد رہی، جو اگست 2016 کے بعد کی سب سے اونچی سطح ہے۔ یہ اعداد و شمار اسی سال ستمبر میں جاری اعداد و شمار سے بھی کافی زیادہ ہے۔

اس کے علاوہ عطیم پریم جی یونیورسٹی کے سنٹر فار سسٹنیبل امپلائمنٹ کی ایک تحقیق میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ چھ سالوں میں لوگوں کو روزگار ملنے کی تعداد میں کافی گراوٹ آئی ہے۔ 12-2011 سے لے کر 18-2017 کے درمیان 90 لاکھ لوگوں کو اپنی ملازمت گنوانی پڑی۔ ہندوستان کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے۔ ملک کی تین ریاستوں میں حالات سب سے زیادہ خطرناک ہیں۔ سی ایم آئی ای کے اعداد و شمار کے مطابق تریپورہ، ہریانہ اور ہماچل پردیش میں لوگوں کو ملازمتیں ڈھونڈنے سے بھی نہیں مل رہی ہیں۔ آٹو سمیت کئی سیکٹر میں حالات بگڑنے سے بھی یہ اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ٹیکسٹائل، چائے، ایف ایم سی جی، رئیل اسٹیٹ جیسے سیکٹر میں زبردست بحرانی کیفیت دیکھنے کو مل رہی ہے۔


سی ایم آئی ای نے جو ڈاٹا جاری کیا تھا اس کے مطابق 2016 سے 2018 کے درمیان 1.1 کروڑ لوگوں کو ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔ فروری 2019 میں بے روزگاری کا نمبر 7.2 فیصد پر پہنچ گیا۔ وہیں گزشتہ سال فروری میں یہ نمبر 5.9 فیصد تھا۔ رپورٹ کے مطابق جہاں گزشتہ سال 40.6 کروڑ لوگ ملازمت کر رہے تھے، وہیں اس سال فروری میں یہ نمبر صرف 40 کروڑ رہ گیا۔ اس حساب سے 2018 اور 2019 کے درمیان تقریباً 60 لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے۔

اسی سال مئی میں جاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شہری علاقوں میں بے روزگاروں کی تعداد 7.8 فیصد رہی، وہیں دیہی علاقوں میں یہ 5.3 فیصد رہی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نوٹ بندی کی وجہ سے نئی ملازمتوں کی تعداد میں کافی گراوٹ آ گئی تھی جو ابھی سنبھلی نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔