ملک میں بے روزگاری عروج پر، آئی آئی ٹی گریجویٹ بھی بے روزگار: راہل گاندھی

راجستھان کے جودھپور میں پارٹی امیدوار کی حمایت میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ الیکٹورل بانڈ اسکیم کے نام پر وزیر اعظم مودی ایک بین الاقوامی وصولی ریکٹ چلا رہے تھے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے الیکٹورل بانڈ گھوٹالہ کے سلسلے میں وزیر اعظم مودی کو ایک مرتبہ پھر نشانہ پر لیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات کی تشہیر کے دوران جمعرات کو راجستھان کے جودھپور میں پارٹی امیدوار کی حمایت میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ الیکٹورل بانڈ اسکیم کے نام پر وزیر اعظم مودی ایک بین الاقوامی وصولی ریکٹ چلا رہے تھے۔ اس اسکیم کے ذریعے مودی اور بی جے پی نے ملک میں سب سے بڑی بدعنوانی کو انجام دیا ہے۔

جلسہ عام میں امنڈے جم غفیر کے دوران کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے یہ منصوبہ بنایا تھا کہ اس میں پیسہ دینے والے کا نام نہیں بتایا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے اس منصوبہ کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ اس منصوبہ میں دو طریقوں سے وصولی کی جا رہی تھی۔ صنعت کاروں کو سرکاری کنٹریکٹ حاصل ہوتا، پھر وہ کروڑوں روپے کا چندہ کمیشن کے طور پر بی جے پی کو دے دیتے تھے۔ صنعت کاروں پر ای ڈی-سی بی آئی کا کیس درج کیا جاتا، پھر ان صنعت کاروں سے جیسے ہی بی جے پی کو چندہ حاصل ہو جاتا وہ کیس ہی غائب کر دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے بدعنوانی کا غلبہ قائم کر دیا ہے۔


ملک میں بڑے پیمانے پر پھیلی بے روزگاری کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ آج بے روزگاری عروج پر ہے۔ ملک میں ایسے حالات ہیں کہ آئی آئی ٹی سے تعلیم یافتگار بھی بے روزگار ہیں۔ ایسا ملک میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم مودی اور صنعت کار اڈانی کی دوستی کا پردہ فاش کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اڈانی کے شیئر کی قیمت سال 2014 کے بعد سے لگاتار بڑھتی جا رہی ہے، کیونکہ ملک کو معلوم ہے کہ ہمارے وزیر اعظم اور اڈانی کا رشتہ بہت بہتر ہے۔ نریندر مودی نے چنندہ لوگوں کو ملک کی تمام دولت سونپ دی ہے۔ ہر جگہ اڈانی کا نام ہی نظر آتا ہے۔

ٹھیکے کی روایت پر مودی حکومت کا محاصرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت روزگار ٹھیکیداری یعنی کنٹریکٹ کے ذریعے دیتی ہے۔ کانگریس پبلک سیکٹر اور سرکاری نوکریوں میں ٹھیکے کی روایت کو ختم کرے گی۔ پبلک سیکٹر یونٹ اور حکومت میں لوگوں کو مستقل نوکریاں دی جائیں گی۔


راہل گاندھی نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں وزیر اعظم مودی نے مختلف وعدے کئے لیکن 15 لاکھ روپے کھاتے میں ڈالنے کے بجائے نکال لئے۔ مودی نے نوٹ بندی کی، غلط جی ایس ٹی لاگو کیا۔ مودی نے کسانوں، مزدوروں، طلبا کا قرض معاف نہیں کیا لیکن ارب پتیوں کا لاکھوں کروڑوں کا قرض معاف کر دیا۔ دریں اثنا، راہل گاندھی نے کانگریس کے منشور میں دی گئی تمام گارنٹیوں کو بھی عام کے سامنے پیش کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔