2020 کے بعد امریکہ میں بے روزگاری میں اضافہ، نوجوانوں کے پاس ڈگریاں ہیں لیکن نوکریاں نہیں

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کے باوجود بہت سے نوجوان ایسی ملازمتیں کرنے پر مجبور ہیں، جن کے لیے کالج کی ڈگری کی ضرورت ہی نہیں ہوتی۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i

کالج کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد بہتر کریئر اور اپنی تعلیمی قابلیت کے مطابق ملازمت کی تلاش کرنے والے امریکی نوجوانوں کو ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق 22 سے 27 برس کی عمر کے امریکی کالج گریجویٹس میں اپنی تعلیمی قابلیت سے کم درجے کی ملازمت کرنے والوں کی شرح ستمبر میں بڑھ کر 42.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ یہ شرح 2020 کے بعد کی بلند ترین سطح پر ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کے باوجود بہت سے نوجوان ایسی ملازمتیں کرنے پر مجبور ہیں، جن کے لیے کالج کی ڈگری کی ضرورت ہی نہیں ہوتی۔ ان ملازمتوں میں ریٹیل، انتظامی امور اور عارضی کام شامل ہیں۔

42.5 فیصد کے یہ اعداد و شمار اس سوال کو مزید تقویت دیتے ہیں کہ کیا اب کالج کی ڈگری پہلے کی طرح مستحکم اور اپنی پسند کے مطابق کریئر کی ضمانت نہیں رہیں۔ طویل عرصے تک کالج کی ڈگری کو بہتر آمدنی اور محفوظ روزگار کے حصول کا ذریعہ سمجھا جاتا رہا ہے، لیکن موجودہ حالات میں بہت سے گریجویٹس کو اپنی تعلیم سے مختلف، کم درجے کی یا عارضی ملازمتوں پر سمجھوتہ کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ صورتحال نہ صرف ڈگری کی اہمیت، بلکہ روزگار کے بازار کی بدلتی حقیقت پر بھی سوالات کھڑے کرتی ہے کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ابتدائی روزگار میں داخل ہونا اتنا مشکل کیوں ہوتا جا رہا ہے۔


رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کو درپیش مشکلات کی کئی اہم وجوہات ہیں: مثلاً کمپنیوں میں تقرری کی سست رفتار، کئی شعبوں میں نئی تقرریوں کی رفتار سست پڑنے کی وجہ سے نئے گریجویٹس کے لیے ملازمت کے مواقع محدود ہو گئے ہیں۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا اثر: مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال سے ابتدائی سطح کی کئی روایتی ملازمتوں اور کام کرنے کے طریقۂ کار میں تبدیلی آرہی ہے۔

ڈگری سے ہٹ کر ملازمت کرنے کی مجبوری: اپنی پسند کی ملازمت نہ ملنے کی صورت میں بہت سے نوجوان ریٹیل، انتظامی امور اور عارضی کام اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔ فی الحال یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ امریکہ میں نوجوان گریجویٹس کے لیے محض ڈگری حاصل کر لینا کافی نہیں رہ گیا ہے، بلکہ روزگار کے بدلتے بازار، مصنوعی ذہانت اور تقرریوں کی سست رفتار کے درمیان مناسب موقع تلاش کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔