بی جے پی کے دور حکومت میں خواتین کی حفاظت صرف اخباری اشتہارات تک محدود، یوپی میں جنگل راج: اکھلیش یادو

اکھلیش یادو نے کہا کہ کوئی دن ایسا نہیں جاتا جب خواتین کی تذلیل نہ ہوتی ہو، لڑکیوں کی عصمت دری نہ کی جاتی ہو۔ کئی لڑکیاں جان سے ہاتھ دھو بیٹھی اور نہ جانے کتنی طالبات اپنی پڑھائی سے محروم ہو گئیں

اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے امن و امان کو لے کر اتر پردیش کی بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں خواتین کی حفاظت کا معاملہ صرف اخباری اشتہارات تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ چاروں طرف جرائم پیشہ افراد کا راج ہے اور پولیس کو شکایت کرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔

اکھلیش یادو نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ریاست میں جنگل راج ہے۔ کوئی دن ایسا نہیں جاتا جب خواتین کی تذلیل نہ ہوتی ہو، لڑکیوں کی عصمت دری نہ کی جاتی ہو۔ غیر سماجی عناصر کی وجہ سے کئی نوجوان لڑکیاں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں اور نہ جانے کتنی طالبات اپنی پڑھائی سے محروم ہو گئی ہیں۔


سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے الزام لگایا کہ غازی آباد کے لونی میں 12 دسمبر 2022 کو دن دیہاڑے ایک خاتون کی لوٹ مار کا واقعہ پریشان کن ہے۔ پرنسپل پر ورنداون کے دورے پر گئی ایک طالبہ کی عصمت دری کرنے کا الزام ہے۔ حال ہی میں باندہ کے ویسنڈا تھانہ علاقے میں لڑکی کی عزت سے کھیلنے کا واقعہ پیش آیا۔ غنڈوں نے اس کی ماں اور بھائی کو بھی مارا۔ پولیس کو شکایت کرنے کے بعد بھی کوئی کارروائیی نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرٹھ میں ایک طالبہ چھیڑ چھاڑ کے واقعات سے اتنی پریشان تھی کہ اس نے اپنی پڑھائی چھوڑ دی۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں لاء اینڈ آرڈر صرف اشتہارات میں ہے۔ اقتدار کے تحفظ میں سماج دشمن عناصر حاوی ہیں۔ مجرم جب چاہیں مجرمانہ وارداتیں کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔