سائبر فراڈ کا درد برداشت نہیں کرسکی شادی شدہ خاتون، ختم کرلی زندگی
اتر پردیش کے جھانسی میں سائبر فراڈ کا ایک دردناک معاملہ سامنے آیا ہے جس میں نوکری کا جھانسہ دیکر ٹھگے جانے کے بعد 21 سالہ خاتون نے خود کشی کرلی۔

سائبر فراڈ کس حد تک وحشیانہ اور خطرناک ہو سکتا ہے اس کی ایک مثال اتر پردیش کے جھانسی میں سامنے آئی ہے جہاں ایک 21 سال کی خاتون نے مبینہ طور پر سائبر فراڈ کا شکار ہونے کے بعد اپنی زندگی ختم کرلی۔ پولیس کے مطابق ایک خاتون جھانسی کے بارواساگرعلاقے کے ملن محلہ میں رہتی تھیں۔ وہ 28 اکتوبر کو اچانک لاپتہ ہو گئی تھیں۔ کافی تلاش کے بعد جمعہ کو ان کی لاش بیتوا ندی میں نوٹ گھاٹ پل کے قریب پائی گئی۔
متوفی کے گھر والے چار دن سے اسے ڈھونڈ رہے تھے۔ خاندان والوں کا کہنا ہے کہ کچھ دن پہلے ایک لڑکی کو سائبر فراڈ کرنے والوں کے ہاتھوں تقریباً 35,000 روپے کا نقصان ہوا تھا۔ اس نے یہ رقم ادھار لی تھی۔ دھوکہ دہی کے بعد وہ صدمے میں چلی گئی۔ اہل خانہ کو شبہ ہے کہ اس نے اس جعلسازی سے پریشان ہوکر خود کشی کی ہے۔ وہیں اس خاتون کے شوہر شیرسنگھ نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیوی چند روز قبل آن لائن فراڈ کا شکار ہوئی تھی۔ جعلسازوں نے اسے نوکری کا جھانسہ دے کر اس سے پیسے اینٹھ لئے جس سے وہ ذہنی طور پر بہت پریشان تھی۔ باروا ساگر تھانہ انچارج نے بتایا کہ خاندان نے کہا ہے کہ اس خاتون کے اکاونٹ سے روپے نکالے گئے تھے۔
’آج تک‘ اور’امر اجالہ‘ ویب پورٹل کے مطابق ذرائع کے مطابق خاتون کی شادی میلان کے رہائشی شیر سنگھ سے 8 مئی 2023 کو ہوئی تھی۔ شیر سنگھ باروا ساگر میں ایک ڈھابہ چلاتے ہیں۔ گزشتہ ماہ اس خاتون نے سوشل میڈیا پر ایک معروف کمپنی کا اشتہار دیکھا، جس میں پیکنگ کرنے پر پیسے دینے کی بات کہی گئی تھی۔ اس میں دیے گئے نمبر پر کال کرنے پر جعلساز نے رجسٹریشن سمیت مال بھیجنے کے عوض 35 ہزار روپے کی سیکیورٹی ڈپازٹ جمع کرانے کو کہا۔
جعلسازنے پوری رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا تھا اورکہا تھا کہ وہ پیکنگ کے کام سے ہر ماہ 35-40 ہزار روپے کما سکیں گی۔ خاتون اس کے جال میں پھنس گئی۔ اس کے پاس پیسے نہ ہونے کی وجہ سے اس نے اپنی بھابھی اور بھائی سے پیسے لیے اور 24 اکتوبر کو جعلساز کو آن لائن بھیج دیئے۔ جب اسے 26 اکتوبر تک کوئی جواب نہیں ملا تو خاتون نے فون کیا۔ جعلساز نے اسے دوبارہ 10 ہزار روپے جمع کرانے کا کہا۔ خاتون نے رقم جمع کرنے سے انکار کر دیا اور اپنے پیسے واپس مانگنے لگی۔ جعلساز نے اس کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے اپنا فون بند کرلیا۔
خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ان کی بیوی گُم سُم رہنے لگی۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں خودکشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ گھر والے سائبر فراڈ کے بارے میں بات کر رہے ہیں، معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ حالانکہ سائبر فراڈ کے معاملے میں ابھی تک کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔