برطانیہ میں دوسری کورونا ویکسین ’ایسٹرا زینکا-آکسفورڈ‘ کو استعمال کے لئے ملی منظوری

برطانیہ میں استعمال کے لئے منظوری پانے والی یہ دوسری ویکسین ہے۔ اس سے قبل فائیزر بائیو اینٹیک کی ویکسین کو بھی یہاں استعمال کے لئے منظوری حاصل ہو چکی ہے۔

ایسٹرا زینکا کورونا ویکسین کی علامتی تصویر / بشکریہ astrazeneca.com
ایسٹرا زینکا کورونا ویکسین کی علامتی تصویر / بشکریہ astrazeneca.com
user

قومی آوازبیورو

لندن: برطانیہ نے آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینکا کی طرف سے مشترکہ طور پر تیار کی گئی کورونا ویکسین کو استعمال کے لئے منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی برطانیہ دنیا کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس نے ایسٹرازینکا- آکسفورڈ کورونا ویکسین کو استعمال کے لئے باضابطہ طور پر منظوری دے دی ہے۔ اس ویکسین کو سردی کے موسم میں برطانیہ میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کے خلاف کارگر قرار دیا جا رہا ہے۔ برطانیہ میں استعمال کے لئے منظوری پانے والی یہ دوسری ویکسین ہے۔ اس سے قبل فائیزر بائیو اینٹیک کی ویکسین کو بھی یہاں استعمال کے لئے منظوری حاصل ہو چکی ہے۔

برطانوی وزارت صحت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے آج اکسفورڈ یونیورسٹی ایسٹرا زینکا کی کووڈ-19 ویکسین کو استعمال کے لئے منظوری دینے کے لئے میڈیسن اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی (ایم ایچ آر اے) کی سفارش کو منظور کر لیا ہے۔ ایک سال قبل چین کے ووہان شہر سے شروع ہونے والی کورونا وبا کی وجہ سے دنیا میں 17 لاکھ سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اس وبا نے عالمی معیشت کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے اور اربوں لوگوں کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔


برطانیہ اور جنوبی افریقہ اس وقت کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ سائنس دانوں اور حکام کے مطابق کووڈ-19 کی یہ نئی قسم زیادہ خطرناک ہے۔ اس کی وجہ سے ہندوستان سمیت کئی ممالک نے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔