’گئو وِگیان‘ امتحان کے لیے طلبا کی حوصلہ افزائی کریں، یونیورسٹی وائس چانسلر سے یو جی سی کی اپیل

یو جی سی کے سکریٹر رجنیش جین نے وائس چانسلرس کو لکھے خط میں کہا ہے کہ وہ آل انڈیا آن لائن ’کام دھینو گئو وگیان نشر و اشاعت امتحان‘ میں اپنی خوشی سے شامل ہونے کے لیے طلبا کی حوصلہ افزائی کریں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

یونیورسٹی گرانٹس کمیشن یعنی یو جی سی نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر سے کہا ہے کہ وہ ’گئو وِگیان‘ (کاؤ سائنس) پر ہونے جا رہی قومی سطح کے آن لائن امتحان سے متعلق طلبا میں جوش و خروش پیدا کریں تاکہ وہ اپنی مرضی سے اس امتحان میں شریک ہوں۔ دراصل اس امتحان کا انعقاد ’نیشنل کام دھینو کمیشن‘ کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔ امتحان کے لیے تاریخ 25 فروری طے ہے اور اس کے لیے کوئی رجسٹریشن فیس نہیں لیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ ’کام دھینو گئو وِگیان نشر و اشاعت امتحان‘ میں پرائمری اسکولوں سے لے کر مڈل اور ہائیر مڈل اسکولوں و کالجوں کے طلبا حصہ لے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ عام لوگ بھی اس امتحان میں شامل ہو سکتے ہیں۔قومی کام دھینو کمیشن نے 5 جنوری کو ایک نوٹیفکیشن جاری کر کے بتایا تھا کہ اس امتحان کا مقصد سبھی ہندوستانیوں کے من میں گایوں کے بارے میں دلچسپی پیدا کرنا اور انھیں گایوں کی ان صلاحیتوں کے بارے میں بتایا ہے کہ گائے اگر دودھ دینا بند بھی کر دے تو بھی وہ کاروبار کے کتنے مواقع دے سکتی ہے۔


میڈیا ذرائع کے مطابق یو جی سی کے سکریٹر رجنیش جین نے سبھی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ وہ آل انڈیا آن لائن ’کام دھینو گئو وگیان نشر و اشاعت امتحان‘ میں اپنی خوشی سے شامل ہونے کے لیے طلبا کی حوصلہ افزائی کریں۔ یہ امتحان سنسکرت، ہندی، انگریزی، گجراتی، پنجابی، مراٹھی، کنڑ، ملیالم، تمل، مراٹھی، تیلگو اور اڑیہ زبان میں ہوگا جس میں معروضی سوالات پوچھے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔