ادھو ٹھاکرے کی وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف برداری، مہاراشٹر میں تاریخ رقم

مہاراشٹر میں ایک مہینہ تک چلا سیاسی تنازعہ آج پوری طرح ختم ہو گیا اور شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے وزیر اعلیٰ کا حلف لے لیا، ممبئی کے شیواجی اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں گورنر نے انہیں حلف دلایا

قومی آواز گرافکس
قومی آواز گرافکس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: شیوسینا کے سربراہ اور کانگریس، این سی پی اورسینا اتحاد (ایم وی اے) کے لیڈر ادھو ٹھاکرے نے جمعرات کی شام تاریخی شیواجی پارک میں ملک بھر کے علاقائی لیڈروں اور ہزاروں افراد کی موجودگی میں عہدہ اور رازداری کا حلف اٹھایا- ریاستی گورنربھگت سنگھ کوشیاری نے انہیں حلف دلایا۔

ٹھاکرے نے شیواجی پارک میں ہزاروں کے مجمع کے درمیان مراٹھی زبان میں ریاست کے 19 ویں وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لیا۔ ادھو ٹھاکرے نے خاندان کا پہلا وزیر اعلیٰ بن کر تاریخ رقم کر دی ہے۔

اس سے فوری بعد شیواجی پارک ہی نہیں بلکہ شہربھرمیں جگہ جگہ جشن کاسماں نظرآیا ، آتش بازی چھوڑی گئی اور ڈھول تاشے کے ساتھ شیوسینک جھوم اٹھے ادھوٹھاکرے نے مراٹھی میں حلف لیا اور شیواجی مہاراج، اپنے والدین کو خراج عقدیت پیش کرتے ہوئے، ایشور کے نام پر حلف اٹھایا۔

ادھو ٹھاکرے کے بعد شیوسینا کے ایکناتھ شندے اور سبھاش دیسائی نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا ہے۔ اس کے بعد، این سی پی قانون ساز پارٹی کے رہنما جینت پاٹل اور چھگن بھج بل نے این سی پی کوٹہ سے حلف لیا۔ دریں اثنا، کانگریس قانون ساز پارٹی کے سربراہ بالا صاحب تھورات اور نتن راؤت نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریباً 20 سال بعد شیوسینا کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ ایک بار پھر مل گیا ہے ادھو، منوہر جوشی، نارائن رانے کے بعد سینا کے تیسرے وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں۔ حالانکہ گزشتہ پانچ سال شیوسینا اقتدار میں رہی، لیکن اقتدار کی باگ ڈوربی جے پی کے دیویندر فڑنویس کے ہاتھوں میں تھی۔


پچپن سالہ ٹھاکرے کے کنبے میں ان کی اہلیہ رشمی ٹھاکرے اور ان کے دو بیٹے ہیں۔ ان کے بڑے بیٹے کا نام آدتیہ ٹھاکرے ہے اور وہ یوا سینا کے صدر ہیں جبکہ دوسرے بیٹے تیجس امریکہ کے کالج میں زیر تعلیم ہیں۔ وہ اپنے والد اور بڑے بھائی کے مقابلے میں تشہیر اور تعلقات عامہ سے دور ہی رہتے ہیں۔

ادھو ٹھاکرے ایک مشہور فوٹو گرافر ہیں اور سالانہ نمائشوں میں ان کی تصاویروں کو کافی پذیرائی ملتی ہے۔ جنگلی حیات کی بہترین تصاویر دیکھ کر ان کی صلاحیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ریاست مہاراشٹر کے نومنتخب وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو یہ شرف حاصل ہے کہ وہ مہاراشٹر کے طاقتور سیاسی خاندان بال ٹھاکرے فیملی کے واحد چشم و چراغ ہیں جو وزیر اعلی کی کرسی تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ شیوسینا کے بانی آنجہانی بال ٹھاکرے کے تیسرے فرزند ادھو ٹھاکرے اپنے خاندان میں سب سے چھوٹے بھائی کا درجہ رکھتے ہیں۔


نرم گفتار ادھو ٹھاکرے نے 27 جولائی 1960 میں ممبئی میں جنم لیا ان کی والدہ آنجہانی مینا تائی ٹھاکرے کے وہ سب سے چہیتے بیٹے تھے۔ سر جے جے کالج آف آرٹ سے گریجوایشن کی ڈگری حاصل کرنے والے ادھو ٹھاکرے فوٹوگرافی کے علاوہ غزل اور پرانے فلمی نغموں کے بھی شوقین ہیں۔ مکیش، سہگل اور محمد رفیع ان کے پسندیدہ گلوکار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Nov 2019, 7:08 PM