ادھو ٹھاکرے کو پھر ایک قریبی لیڈر نے دیا جھٹکا، شندے گروپ میں شامل ہوئے سابق وزیر صحت دیپک ساونت

پارٹی میں جاری ٹوٹ کے درمیان ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی اور شندے گروپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ادھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے
ادھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو لگاتار بری خبریں سننے کو مل رہی ہیں۔ تازہ خبر یہ ہے کہ ان کے قریبی اور سابق وزیر صحت دیپک ساونت نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا ہاتھ تھام لیا ہے۔ یعنی ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا سے مزید ایک مضبوط لیڈر نے ایکناتھ شندے کی شیوسینا میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس دوران شندے نے کہا کہ ’’ہم ساونت کا پارٹی میں استقبال کرتے ہیں اور اس سے ہمیں فائدہ ہوگا۔‘‘

اب تک کئی لیڈران ادھو ٹھاکرے کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے جو شیوسینا (ادھو بالاصاحب ٹھاکرے) کے لیے خطرناک ہے۔ 13 مارچ کو ہی سینئر لیڈر سبھاش دیسائی کے بیٹے بھوشن دیسائی نے ادھو ٹھاکرے کو جھٹکا دیتے ہوئے شندے کی قیادت والی شیوسینا میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ اب 15 مارچ کو دیپک ساونت نے بھی ادھو ٹھاکرے کی پارٹی سے خود کو الگ کر لیا۔


پارٹی میں جاری ٹوٹ کے درمیان ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی اور شندے گروپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے بدھ کے روز بی جے پی کا موازنہ افضل خان سے کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح افضل نے ہندوستان میں حملہ کرتے ہوئے لوگوں کے گھر توڑ دیئے، بھگوان کے مندروں کو تہس نہس کیا، لوگوں کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے جو کچھ کیا، ویسا ہی بی جے پی کر رہی ہے۔ اگر کوئی بی جے پی کے ساتھ نہیں جاتا تو وہ انھیں جیل بھیج رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جون میں ایکناتھ شندے نے ادھو ٹھاکرے سے الگ راستہ اختیار کر لیا تھا۔ انھوں نے بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت بنا لی تھی۔ شندے خود وزیر اعلیٰ بن گئے اور اب دھیرے دھیرے ادھو ٹھاکرے کی پارٹی میں موجود لیڈران ایکناتھ شندے کی طرف آنے لگے ہیں۔ انتخابی کمیشن نے بھی گزشتہ دنوں شندے گروپ کو حقیقی شیوسینا کی شکل میں منظوری دے دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */