ہندوستان کے اگلے چیف جسٹس اُدئے امیش للت ہوں گے، سی جے آئی رمنا کی سفارش

چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا نے جمعرات کو مرکزی وزیر برائے قانون و انصاف سے اپنے جانشیں کے طور پر جسٹس اُدئے امیش للت کے نام کی سفارش کی۔

چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا اور جسٹس اُدئے امیش للت، تصویر آئی اے این ایس
چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا اور جسٹس اُدئے امیش للت، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا نے جمعرات کو مرکزی وزیر برائے قانون و انصاف سے اپنے جانشیں کے طور پر جسٹس اُدئے امیش للت کے نام کی سفارش کی ہے۔ عدالت عظمیٰ کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق ’’سی جے آئی این وی رمنا نے آج وزیر برائے قانون و انصاف سے جانشیں کے طور پر جسٹس اُدئے امیش للت کے نام کی سفارش کر دی۔ جسٹس رمنا نے 3 اگست 2022 کی تاریخ درج کر سفارشی خط کی ایک کاپی آج (4 اگست 2022) صبح سونپی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ جسٹس رمنا، جو 26 اگست کو سبکدوشی کے پیش نظر عہدہ چھوڑنے کے لیے تیار ہیں، کو بدھ کے روز وزیر برائے قانون و انصاف سے ان کے جانشیں کو نامزد کرنے کے لیے ایک خط ملا تھا۔ عدالت عظمیٰ کے ایک نوٹیفکیشن میں بدھ کے روز کہا گیا تھا کہ ’’آج (3 اگست 2022) 21.30 بجے ہندوستان کے چیف جسٹس کے سکریٹریٹ کو وزیر برائے قانون و انصاف سے مورخہ 3 اگست 2022 کو ایک خط ملا ہے، جس میں سی جے آئی سے ان کے جانشیں کے نام کی سفارش کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔‘‘


واضح رہے کہ جسٹس یو یو یو للت، جو سپریم کورٹ میں سب سے سینئر جج ہیں، ہندوستان کے آئندہ چیف جسٹس بننے کی قطار میں ہیں۔ جسٹس للت کو بار سے سیدھے عدالت عظمیٰ میں تقرری ملی تھی۔ چیف جسٹس آف انڈیا کی شکل میں ان کی مدت کار تین ماہ سے کم ہوگی۔ جسٹس للت 8 نومبر کو سبکدوش ہوں گے۔ میمورینڈم آف پروسیجر کے مطابق وزیر قانون اپنے جانشیں کو نامزد کرنے کے لیے سبکدوش ہونے والے سی جے آئی سے سفارش مانگتے ہیں۔ عام طور پر ہندوستان کے موجودہ چیف جسٹس کی سبکدوشی کے ایک ماہ کے اندر سفارش مانگی جاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔