اُڑ کر منزل تک پہنچیں گے مسافر، ’اوبر ایئر کیب‘ پرواز کے لئے تیار

ٹیکسی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ’اوبر‘ نے ہندوستان کو ان ممالک میں شامل کیا ہے جہاں اگلے 5 سالوں میں ایئر کیب سروس شروع کی جا سکتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اوبر کی ٹیکسی شاخ ’اوبر ایلیویٹ ‘ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے باہر ہندوستان ، جاپان، آسٹریلیا، برازیل اور فرانس کو’اوبر ایئر ٹیکسی سروس ‘ چلانے کے لئے انتخاب کیا گیا ہے۔ اوبر کی طرف سے امریکہ کے ڈیلاس اور لاس انجلس شہروں میں سب سے پہلے خدمات کا آغاز ہوگا ۔ اس کے بعد 5 منتخب ممالک میں سے کسی بھی ملک کا کوئی شہر ہو سکتا ہے۔

ایک بیان میں کمپنی نے کہا ’’ممبئی ، دہلی اور بنگلورو دنیا کے ایسے شہر ہیں جہاں کی سڑکوں پر کافی رش رہتا ہے اور کچھ کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے لئے کئی کئی گھنٹے کا وقت لگ جاتا ہے، اوبر ایئر میں ان شہروں کے اندر ٹریفک کا متبادل پیش کرنے کی صلاحیت موجودہے۔‘‘

کمپنی نے کہا ’’اوبر ایلیویٹ ٹیم مذکورہ ممالک میں تمام فریقین سے بات چیت کر رہی ہے اور اگلے 6 مہینے میں اوبر ایئر انٹرنیشنل سٹی کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ‘‘

کرایہ بھی معمولی ہوگا

اوبر کی ایلیویٹ ویب سائٹ کے مطابق ’’امریکہ کے سین فرانسسکو سے سین جوس تک تقریباً 43 میل کے سفر کو پورا کرنے میں عموماً ایک گھنٹہ چالیس منٹ کا وقت لگ جاتا ہے لیکن ایئر سروس سے محض 15 منٹ لگیں گے۔ اس سفر کے لئے شروع میں 129 ڈالر (تقریباً 9 ہزار روپے) لئے جائیں گے، اس کے بعد یہ کرایہ 43 ڈالر (تقریباً 3 ہزار روپے ) اور پھر 20 ڈالر (تقریباً 1400 روپے ) کر دیا جا ئے گا۔ موجودہ وقت میں اتنا فاصلہ طے کرنے کے لئے امریکہ میں اوبر ایکس ٹیکسی سروس تقریباً 111 ڈالر (7800 روپے ) وصول کرتی ہے۔

اوبر کی یہ سروس شروع ہوئی تو میٹرو شہروں میں اکثر گھنٹوں جام میں پھنسنے والے لوگوں کو بڑی راحت مل سکتی ہے۔ اس سے آلودگی، شور شرابے اور سڑکوں پر لگنے والے جھٹکوں سے بھی بچ سکتے ہیں۔ اگر آپ کو آفس کی کسی میٹنگ میں وقت پر پہنچنا ہوگا تو اوبر ایئر کیب آپ کو بذریعہ پرواز آسانی سے وقت پر پہنچا دیا کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔