بارہمولہ میں ٹی آر ایف کے دو ملی ٹنٹ اعانت کار گرفتار: پولیس

پولیس ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران دو مشکوک افراد کو پکڑا گیا، جن کی شناخت خورشید احمد خان ولد مشتاق احمد خان اور ریاض احمد خان ولد غلام محی الدین خان ساکنان زنڈپال کنزر کے بطور کی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر یو این آئی</p></div>

تصویر یو این آئی

user

یو این آئی

سری نگر: پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کنزر علاقے میں لشکر طیبہ (ٹی آر ایف) سے وابستہ دو ملی ٹنٹ اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ پولیس اور سی آر پی ایف کی 176 بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم نے ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے پر کنزر کے مونچھ کھڈ گاؤں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران دو مشکوک افراد کو پکڑا گیا، جن کی شناخت خورشید احمد خان ولد مشتاق احمد خان اور ریاض احمد خان ولد غلام محی الدین خان ساکنان زنڈپال کنزر کے بطور کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’پوچھ تاچھ کے دوران دونوں نے انکشاف کیا کہ وہ کالعدم تنظیم لشکر طیبہ (ٹی آر ایف) کے ساتھ اعانت کاروں کے بطور کام کر رہے ہیں اور دونوں کو گرفتار کیا گیا‘۔


بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے اے کے 47 رائفل کے 2 میگزین، اے کے47 رائفل کی 15 گولیاں، اور کالعدم تنظیم لشکر طیبہ (ٹی آر ایف) کے 20 خالی پوسٹر بر آمد کئے گئے۔ بیان کے مطابق ملی ٹنٹ اعانت کاروں نے یہ غیر قانونی اسلحہ کنزر اور ملحقہ علاقوں میں ملی ٹنٹ کارروائیاں انجام دینے کی غرض سے حاصل کیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کنزر میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔