مودی کے فون کے با وجود نہیں مانے نائڈو

استعفیٰ دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی ڈی پی لیڈر وائی ایس چودھری نے کہا کہ ہم حکومت میں بہت اچھے سے کام کر رہے تھے لیکن حالات کچھ ایسے بن گئے کہ استعفیٰ دینا پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلی نائڈو سے فون پر بات کی لیکن وہ نائڈو کو منانے میں ناکام رہے۔ تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے مرکزی وزراء نے مودی حکومت کی بے توجہی اور نظر انداز کرنے کے رویے سے تنگ آ کر بالآخر استعفیٰ دے ہی دیا۔ حالانکہ بی جے پی نے بہت کوشش کی کہ کسی طرح ٹی ڈی پی کو بہلا پھسلا کر خاموش کر سکے لیکن اسے کامیابی نہیں ملی۔ آج (جمعرات) شام 6 بجے ٹی ڈی پی کے دونوں مرکزی وزراء وائی ایس چودھری اور اشوک گج پتی راجو نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور 15 منٹ کی بات چیت کے بعد اپنا استعفیٰ انھیں سونپ دیا۔

دونوں لیڈروں نے استعفیٰ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت میں بہت اچھے سے کام کر رہے تھے لیکن حالات کچھ ایسے بن گئے کہ استعفیٰ دینا پڑا۔ وائی ایس چودھری نے کہا کہ جو صورت حال اس وقت بن چکے ہیں اور جس طرح آندھرا پردیش کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، مرکزی حکومت میں بنے رہنا ممکن نہیں ہے۔

اب تک مرکز میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ریاستی وزیر مملکت کی ذمہ داری سنبھال رہے چودھری نے موجودہ ماحول کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ وہ اور راجو ممبر پارلیمنٹ کی شکل میں آندھرا پردیش کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز وزیر مالیات ارون جیٹلی نے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے ٹی ڈی پی کے مطالبہ پر کہا تھا کہ آندھرا کو خصوصی ریاست کی طرح ہر ممکن مدد کی جا سکتی ہے لیکن ایسا درجہ نہیں دیا جا سکتا۔ اس کے بعد بدھ کی شام میں ہی ٹی ڈی پی سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی حکومت میں شامل اپنے دونوں وزراء کے استعفیٰ کا اعلان کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ آج صبح ہی آندھرا پردیش حکومت میں بی جے پی کوٹہ کے وزراء نے بھی اپنا استعفیٰ سونپ دیا تھا۔ بی جے پی وزراء نے وزیر اعلیٰ دفتر میں جا کر اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔ اس کے بعد ٹی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان حالات بہتر ہونے کے امکانات بھی ختم ہو گئے تھے۔ آندھرا حکومت سے استعفیٰ دینے کے بعد بی جے پی ایم ایل سی پی وی این مادھو نے کہا کہ ’’ہم لوگوں کے درمیان جائیں گے اور انھیں بتائیں گے کہ مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کے لیے کتنا کچھ کیا ہے۔ تقسیم کے بعد اس ریاست کو جتنا ملا ہے، اب تک شاید ہی کسی ریاست کو ملی ہو۔‘‘

کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے آندھرا پردیش سے متعلق مرکزی حکومت کے رویہ کی تنقید کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اس نازک مسئلہ پر بھی وزیر اعظم نریندر مودی آندھرا کے وزیر اعلیٰ کا فون نہیں اٹھا رہے۔ آندھرا کے لوگوں کے لیے یہ اچھی بات نہیں ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Mar 2018, 7:53 PM