معروف گلوکار زوبین گرگ کے مینیجر سمیت 2 افراد گرفتار، عدالت نے 14 روزہ پولیس تحویل میں بھیجا
متوفی گلوکار زوبین گرگ کی اہلیہ گریما سوکیہ گرگ نے کہا کہ ’’ہم سب یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ آخری لمحات میں ان کے ساتھ کیا ہوا تھا۔‘‘

آسام کے معروف گلوکار زوبین گرگ کی موت کے بعد پولیس مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔ آسام پولیس نے بتایا کہ گزشتہ ماہ سنگاپور میں گلوگار زوبین کی موت کے معاملے میں ان کے مینیجر سدھارتھ شرما اور پروگرام آرگنائزر شیام کانو مہنت کو بدھ (یکم اکتوبر) کی صبح دہلی سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ دونوں (سدھارتھ اور شیام کانو) پر بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی مختلف دفعات کے تحت غیر ارادتاً قتل، مجرمانہ سازش اور لاپرواہی سے ہوئی موت کی وجہ بننے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔
گرفتاری کے بعد دونوں ملزمان کو فوری طور پر گوہاٹی لایا گیا اور کامروپ کے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں 14 دنوں کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔ درگا پوجا کی وجہ سے ہائی کورٹ بند تھا، اس وجہ سے معاملہ کی سماعت جج کے گھر پر ہی ہوئی۔ اسپیشل ڈی جی پی (سی آئی ڈی) منا پرساد گپتا نے کہا کہ گلوکار زوبین گرگ کی موت کی تحقیقات قانون کے مطابق کی جائے گی۔ گرگ کی موت کی تحقیقات کے لیے تشکیل کردہ ایس آئی ٹی کے سربراہ منا پرساد نے کہا کہ ’’دونوں کو 14 دنوں کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دونوں کے خلاف انٹرپول کے ذریعہ ایک ’لک آؤٹ نوٹس‘ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔ نوٹس کی بنیاد پر امیگریشن افسران نے سنگاپور سے دہلی ایئرپورٹ پہنچتے ہی شیام کانو مہنت کو حراست میں لے لیا اور آسام پولیس کو سونپ دیا۔
مینیجر سدھارتھ شرما کے بارے میں اسپیشل ڈی جی پی نے کہا کہ ’’ہم نے دہلی اور راجستھان میں اس کی لوکیشن ٹریک کی۔ گزشتہ رات ہم نے اسے دہلی-ہریانہ بارڈر کے پاس ٹریک کیا اور پھر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا ’’ہم نے ان کے موبائل فون ضبط کر لیے ہیں اور زوبین گرگ کا موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔‘‘ پولیس ذرائع نے بتایا کہ شیام کانو مہنت اور سدھارتھ شرما دونوں کی ہتھکڑی لگی اور سی آئی ڈی آفس میں سلاخوں کے پیچھے کی تصویریں شیئر کیں۔ سماعت کے لیے ایئرپورٹ اور چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کے گھر کے راستے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے، آسام پولیس اور ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) کے جوان قافلے کے ساتھ تھے۔
زوبین گرگ کی اہلیہ گریما سوکیہ گرگ نے کہا کہ ’’ہم سب یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ آخری لمحات میں ان کے ساتھ کیا ہوا تھا۔‘‘ گریما گرگ کا کہنا ہے کہ انہیں تحقیقاتی ٹیم پر مکمل بھروسہ ہے اور امید ہے کہ اب انہیں جلد ہی پتہ چل جائے گا کہ سنگاپور میں حقیقت میں کیا ہوا تھا۔ آسام حکومت نے گزشتہ ماہ 19 ستمبر کو سنگاپور میں سمندر میں ڈوبنے کی وجہ سے زوبین کی موت کی تحقیقات کے لیے 10 رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ زوبین کی موت کے بعد ہی ریاستی وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے کہہ دیا تھا کہ مہنت اور شرما کے خلاف انٹرپول کے ذریعہ لُک آؤٹ نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں انہیں 6 اکتوبر تک سی آئی ڈی کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔