اس برس دو لاکھ ہندوستانی سفر حج پر جائیں گے

اقلیتی امور کی وزارت کو کچھ پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے خلاف سنگین شکایات موصول ہوئی ہیں جن کی بنیاد پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔ اس سال تین پی ٹی او کو سنگین شکایات کے بعد بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ اس سال ملک کے 21 ہوائی اڈوں سے 500 سے زیادہ پروازوں کے ذریعے ریکارڈ دو لاکھ ہندوستانی عازمین کسی سبسڈی کے بغیر سفر حج پر روانہ ہوں گے۔

مختار عباس نقوی نے یہاں ممبئی میں حج ہاؤس میں پرائیویٹ ٹور آپریٹروں (پی ٹی او) کے نمائندوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان عازمین میں سے ایک لاکھ 40 ہزار افراد ہندوستانی حج کمیٹی اور 60 ہزار پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعے حج پر جائیں گے۔ پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کو بھی 10 ہزار عازمین حج کو حج کمیٹی کے مقرر کردہ پیکیج پر ہی لے جانا ہوگا۔


مختار عباس نقوی نے کہا کہ اس بار شفافیت اور حج مسافروں کی سہولت کے لیے پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کا بھی پورٹل حج ڈاٹ این آئی سی ڈاٹ ان/پی ٹی او (پورٹل فار حج گروپ آرگنائزرس) بنایا گیا ہے جس میں تمام مجاز پی ٹی او کے پیکج وغیرہ کی معلومات دی گئی ہیں۔ اس سال تقریباً 725 پرائیویٹ ٹور آپریٹر عازمین حج کوسفر حج پر لے کر جائیں گے۔

مختار عباس نقوی نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں عازمین حج کی حفاظت اور سہولیات شامل ہیں اور اس معاملے میں کسی طرح کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ زیادہ تر پرائیویٹ ٹور آپریٹر اچھا کام کر رہے ہیں۔ لیکن اقلیتی امور کی وزارت کو کچھ پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے خلاف سنگین شکایات موصول ہوئی ہیں جن کی بنیاد پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔ اس سال تین پی ٹی او کو سنگین شکایات کے بعد بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس بھی کئی پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئی تھیں۔


مختار عباس نقوی نے کہا کہ اس سال بغیر محرم (مرد رشتہ دار) کے حج پر جانے والی خواتین کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس سال 2340 خواتین بغیر محرم کے سفر حج پر جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستان سے جانے والے 2 لاکھ عازمین حج میں تقریباً 48 فیصد خواتین شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔