وکاس دوبے کے دو ساتھیوں کو 4 دن کے ٹرانزٹ ریمانڈ پر بھیجا گیا

یو پی پولس نے جوڈیشیل حراست میں رکھے گئے دوبے کے ساتھی اروند ترویدی اور سشیل کمار تیواری کو فرسٹ کلاس جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور دونوں کو ٹرانزٹ ریمانڈ پر دینے کی درخواست کی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ٹھانے: مہاراشٹر کی ایک عدالت نے انکاؤنٹر میں ہلاک کانپور کے گینگسٹر وکاس دوبے کے دو ساتھیوں کو پیر کے روز چار دنوں کے ٹرانزٹ ریمانڈ پر بھیج دیا۔ ان دونوں کو مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستہ نے گزشتہ جمعہ کو گرفتار کیا تھا۔ یو پی پولس نے جوڈیشیل حراست میں رکھے گئے دوبے کے ساتھی اروند ترویدی عرف گڈن (45) اور اس کے ڈرائیور سشیل کمار تیواری عرف سونو کو آج فرسٹ کلاس جوڈیشیل مجسٹریٹ اے بی کادیان کی عدالت میں پیش کیا اور دونوں کو ٹرانزٹ ریمانڈ پر دینے کی درخواست کی۔

دونوں ملزمین کی طرف سے پیش ہوئے وکیل انل جادھو اور ضیا شیخ نے عدالت کو بتایا کہ کانپور کے بکرو گاؤں میں ہوئے واقعہ کے وقت دونوں وہاں موجود نہیں تھے۔ ساتھ ہی دونوں کا واقعہ میں بھی کوئی کردار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں کو صرف شبہ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ دونوں ہی دوبے کے ساتھی رہے تھے۔


خیال رہے کہ وکاس دوبے کے گھر پر 3-2 جولائی کی نصف شب کو پولس کی کارروائی کے دوران دوبے اور اس کے ساتھیوں نے پوری تیاری کے ساتھ پولس دستہ پر حملہ کیا تھا جس میں 8 پولس اہلکاروں کی موت ہوگئی تھی۔ اس کے بعد پولس کے ساتھ تصادم میں دوبے سمیت اس کے کچھ ساتھی بھی مارے جاچکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔