جموں کے کالوچک فوجی علاقے سے دو ڈرونز کو واپس بھگایا گیا: فوجی ترجمان

موصوف ترجمان نے بیان میں کہا کہ دونوں ڈرونز واپس چلے گئے اور اس طرح ہمارے مستعد فوجی جوانوں نے ایک بڑے خطرے کو ٹال دیا۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جموں: جموں شہر کے مضافاتی علاقہ کالوچک میں قائم فوجی اسٹیشن کے نزدیک فضا میں گردش کر رہے دو ڈرونز پر فوجی جوانوں نے گولیاں چلائیں، جس کے بعد وہ واپس چلے گئے۔ بتا دیں کہ یہ واقعہ جموں ائیر فورس اسٹیشن پر ایک مشتبہ ڈرون کے ذریعے دو بم گرانے کے ایک دن بعد رونما ہوا ہے۔

فوجی ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ جموں کے کالوچک علاقے میں قائم فوجی سٹیشن کے نزدیک اتوار کی شب قریب ساڑھے گیارہ بجے دو ڈرونز کو فضا میں گردش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات فوجی جوانوں نے ان پر گولیاں برسائیں جس کے بعد وہ واپس چلے گئے۔


دریں اثنا جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دویندر آنند نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے فوجی جوانوں نے کالوچک فوجی علاقے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب دو الگ الگ ڈرونز کی سرگرمیاں دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے فوراً بعد ہائی الرٹ جاری کیا گیا اور ان پر فائرنگ کی گئی۔

موصوف ترجمان نے بیان میں کہا کہ دونوں ڈرونز واپس چلے گئے اور اس طرح ہمارے مستعد فوجی جوانوں نے ایک بڑے خطرے کو ٹال دیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں ہمارے جوان چوکس و چوکنا ہیں اور تلاشی آپریشن بھی جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔