دہلی: 24 گھنٹے کے اندر کورونا کی زد میں آئے دو پولس جوان، لوگوں میں خوف

کورونا پازٹیو پائے گئے 44 سالہ حولدار کو دہلی کے ایل این جے پی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حولدار روہنی سیکٹر 16 میں رہتا ہے اور گزشتہ چھ مہینے سے ایف آر آر او میں تعینات ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ملک کی راجدھانی دہلی میں لگاتار کورونا وائرس کے معاملے بڑھ رہے ہیں۔ فکر کی بات یہ ہے کہ ایک طرف جہاں صحت اہلکار اس کی زد میں آ رہے ہیں، وہیں دوسری طرف پولس اہلکار بھی اس سے نہیں بچ پا رہے ہیں۔ دہلی پولس میں 24 گھنٹے کے اندر کورونا پازیٹو دو معاملے سامنے آ گئے ہیں۔ منگل کی شام کو ٹریفک اے ایس آئی پازیٹو نکلا تھا اور پھر بدھ کی دوپہر بعد دہلی پولس کا ایک حولدار بھی کورونا پازیٹو پایا گیا۔ حولدار ایف آر آر او (فارن ریجنل رجسٹریشن آفس) میں تعینات ہے۔ ان دنوں اس کی ڈیوٹی اندرا گاندھی انٹرنیشنل ہوائی اڈہ کے ٹرمینل-3 پر واقع 'امیگریشن کاؤنٹر' پر ہے۔

کورونا پازیٹو پائے گئے 44 سالہ حولدار کو دہلی کے لوک نائک جے پرکاش نارائن اسپتال (ایل این جے پی) میں داخل کرایا گیا ہے۔ حولدار روہنی سیکٹر 16 میں رہتا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ متاثرہ حولدار چھ مہینے سے ایف آر آر او میں تعینات ہے۔ 31 مارچ کو اس کی صبح 8 بجے سے شام 7 کی شفٹ تھی۔ ڈیوٹی سے لوٹتے وقت اسے بخار اور سر میں درد شروع ہوا۔


طبیعت خراب ہونے پر اس نے سی جی ایچ ایس کی ڈسپنسری سے دوا لی۔ دوا سے کچھ آرام ہوا۔ 4 اپریل کو امبیڈکر اسپتال میں اس کی جانچ کرائی گئی تھی جس کی رپورٹ میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ روہنی ضلع پولس کے ایک افسر کے مطابق "متاثرہ حولدار کی فیملی میں بیوی اور دو بچے ہیں۔ احتیاطاً انھیں بھی گھر میں کوارنٹائن کرا دیا گیا ہے۔"

واضح رہے کہ منگل کے روز بھی دہلی کی کالکاجی پولس کالونی میں رہنے والا ایک اسسٹنٹ ڈپٹی انسپکٹر کورونا پازیٹو پایا گیا تھا۔ یہ اے ایس آئی دہلی ٹریفک پولس میں تعینات ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔