دہلی میں سستی ایئرلائن ٹکٹ کا جھانسہ دے کر لوگوں کو لوٹنے والے دو سائبر مجرم گرفتار

دہلی پولیس نے سوشل میڈیا پر سستی ایئرلائن ٹکٹ کا لالچ دے کر لوگوں سے دھوکہ کرنے والے دو سائبر مجرموں کو گرفتار کر لیا، ایک کو دہلی اور دوسرے کو مہاراشٹر سے پکڑا گیا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کی بیرونی شمالی ضلع کی سائبر پولیس نے سوشل میڈیا پر سستی ایئرلائن ٹکٹ کا جھانسہ دے کر لوگوں کو لوٹنے والے دو خطرناک سائبر مجرموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سلمان شاہد صدیقی اور روہت راجارام کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان سوشل میڈیا پر سستی ایئرلائن ٹکٹ کے اشتہارات چلا کر لوگوں کو اپنی چالاکی سے جال میں پھنساتے تھے۔ دہلی پولیس کے ڈی سی پی ندھن والسَن نے بتایا کہ دونوں ملزمان لوگوں کو سستی ٹکٹ کا جھانسہ دے کر ان سے واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کرتے تھے اور پیسے بٹور لیتے تھے۔ اس گروہ کا سرغنہ سلمان شاہد صدیقی ہے، جسے دہلی کے لاجپت نگر علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق سلمان شاہد پہلے بھی اسی قسم کے ایک فراڈ کیس میں ممبئی میں گرفتار ہو چکا ہے اور جیل کی ہوا کھا چکا ہے۔ ضمانت پر چھوٹنے کے بعد اس نے دہلی میں دوبارہ سرگرمیاں شروع کر دیں۔ جب پولیس نے اس پر نظر رکھی تو اس کی نشاندہی پر روہت راجا رام کو مہاراشٹر سے گرفتار کیا گیا۔

ڈی سی پی ندھن والسن کے مطابق پولیس کو ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس میں ایک شخص کو دہلی سے کینیڈا کی جعلی ایئرلائن ٹکٹ دے کر دھوکہ دیا گیا تھا۔ شکایت ملنے کے بعد سائبر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او رمن کمار سنگھ کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے جدید ٹیکنالوجی اور نگرانی کے ذریعے کارروائی کرتے ہوئے اس گروہ کو گرفتار کر لیا۔


پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ درجنوں لوگوں سے سستی ٹکٹ کے نام پر لاکھوں روپے لوٹ چکے ہیں۔ وہ مختلف جعلی شناختوں کے ذریعے آن لائن اشتہارات دیتے تھے اور متاثرین سے بینک ٹرانسفر یا یو پی آئی کے ذریعے رقم منگواتے تھے۔

یاد رہے کہ رواں سال مارچ کے آخر میں بھی دہلی پولیس نے ایک منظم سائبر کرائم نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا تھا، جسے ’یو پی آئی ہائی جیک‘ اسکینڈل کا نام دیا گیا۔ اس اسکیم میں گمشدہ یا چوری شدہ موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے بینک ایپس کو ہیک کیا جاتا تھا اور متاثرین کے اکاؤنٹس سے بڑی رقم نکالی جاتی تھی۔ اس کیس میں دہلی کے رہائشی دو اہم ملزمان گگن اور اجیت شرما کو گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سستی ایئرلائن ٹکٹ جیسے جھانسوں سے ہوشیار رہیں اور صرف معتبر ذرائع سے ہی ٹکٹ بک کریں۔ نیز، مشتبہ لنکس یا پیغامات پر کلک نہ کریں اور فوراً سائبر کرائم سیل سے رابطہ کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔