آسام میں دو کشتیوں میں زبردست تصادم، 3 مسافروں کی موت! 87 افراد کو محفوظ نکالا گیا

آسام کے ضلع جورہاٹ میں بدھ کے روز برہم پتر ندی میں نمتی گھاٹ کے قریب دو کشتیوں کے تصادم کے بعد ایک کشتی کے ڈوبنے کی وجہ سے 3 مسافروں کی موت ہو گئی اور دیگر 87 افراد کو محفوظ نکال لیا گیا ہے

آسام کشتی حادثہ
آسام کشتی حادثہ
user

قومی آوازبیورو

گوہاٹی: آسام کے ضلع جورہاٹ میں بدھ کے روز برہم پتر ندی میں نمتی گھاٹ کے قریب دو کشتیوں کے تصادم کے بعد ایک کشتی کے ڈوبنے کی وجہ سے 3 مسافروں کی موت ہو گئی اور دیگر 87 افراد کو محفوظ نکال لیا گیا ہے۔ تاحال ایک ہی لاش برآمد ہو سکی ہے اور دیگر دو افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔ ریاستی حکومت نے حادثہ کی جانچ کا حکم صادر کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آسام کے جورہاٹ میں بدھ کی شام 100 سے زائد مسافروں کو لے جانے والی دو کشتیاں برہم پتر دریا میں آپس میں ٹکرا گئیں اور ایک کشتی ڈوب گئی۔ ڈوبنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ دونوں کشتیاں مختلف سمت سے آ رہی تھیں۔ ایک کشتی جورہاٹ کے نمتی گھاٹ سے مجولی آرہی تھی جبکہ دوسری کشتی مجولی سے جورہاٹ جارہی تھی۔ مقامی لوگوں کے مطابق کشتی مجولی گھاٹ سے صرف 100 میٹر دور تھی۔ کشتیوں میں تقریباً 25 سے 30 بائیک بھی رکھی ہوئی تھیں۔


این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی تلاشی مہم صبح 6 بجے تک جاری رہی۔ تین گھنٹوں کے وقفہ کے بعد صبح 6 بجے ایک مرتبہ پھر تلاشی مہم شروع کی گئی۔ نمتی گھاٹ پر بری فوج اور فضائیہ نے بھی راحتی امور میں تعاون کیا۔ فرض کی انجام دہی میں غفلت برتنے کے الزام میں محکمہ آئی ڈبلیو ٹی کے تین عہدیداران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ آسام کے وزیر اعلیٰ آج جائے وقوعہ کا دورہ کریں گے۔

قبل ازیں، اس دوران آسام ریاستی ضلع ڈیزاسٹر اتھارتی نے لاپتہ لوگوں کے بارے میں معلومات کے لیے فری ایمرجنسی نمبر جاری کیے ہیں۔ یہ نمبر 1070/1079 (اسٹیٹ ایمرجنسی کنٹرول روم)، 1077 (ضلع ایمرجنسی آپریشن سینٹر) کے ہیں۔

یہ حادثہ اس وقت ہوا جب ایک نجی کشتی ’ما کاملا‘ جو نمتی گھاٹ سے ماجولی کی جانب جا رہی تھی اور وہ ماجولی سے آنے والی سرکاری کشتی ’تریکائی‘ سے ٹکرا گئی۔ جو کشتی ڈوبی ہے اس میں کئی چار پہیہ گاڑی اور دوپہیہ گاڑی لدے تھے اور یہ بھی ڈوب گئے ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا، ’’مسافروں کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور میں ہر کسی کی حفاظت اور محفوظ ہونے کی دعا کرتا ہوں۔‘‘


جہاز رانی، بندرگاہوں اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے وزیر اعلیٰ سرما سے بات چیت کی ہے، راحت اور بچاؤ کے کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں۔ سونووال ماجولی اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی ہیں۔

آسام حکومت نے جورہاٹ ضلع میں برہم پترا ندی میں نمتی گھاٹ کے قریب دو کشتیوں کے ٹکرانے کے واقعہ کی ریاستی سطح پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نےآسام کے جورہاٹ میں برہم پتر دریا میں کشتی حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا ، "آسام میں کشتی حادثے کے بارے میں افسوسناک خبر ملی ۔ میں متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ تفصیلی معلومات کا انتظار ہے اور امید ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں راحت اور بچاؤ کے ذریعہ مزید جانیں بچائی جا سکیں گی۔‘‘ انہوں نے کانگریس کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ایک ٹیم کے طور پر کام کریں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔