نوئیڈا: پرسنل لون کے نام پر سائبر ٹھگی کا پردہ فاش، دو ملزم گرفتار

نوئیڈا میں پرسنل لون کے نام پر سائبر ٹھگی کرنے والے گینگ کا انکشاف، پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ جعلی لون سینکشن لیٹر کے ذریعے لوگوں سے فیس کے نام پر رقم اینٹھی جاتی تھی

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

گریٹر نوئیڈا: پرسنل لون دلانے کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دینے والے ایک منظم سائبر ٹھگی گینگ کا پولیس نے انکشاف کیا ہے۔ تھانہ سائبر کرائم، گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے، جو فرضی لون سینکشن لیٹر کے ذریعے لوگوں سے پروسیسنگ فیس اور سینکشن فیس کے نام پر رقم اینٹھتے تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمین کی شناخت ہمانشو دوبے ولد کپل دیو دوبے اور ہمانشو ولد نریندر کے طور پر ہوئی ہے۔ این سی آر پی پورٹل پر موصول ہونے والی متعدد شکایتوں اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر اس معاملے کی جانچ شروع کی گئی، جس کے بعد یہ کارروائی عمل میں آئی۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نجی کمپنیوں سے حاصل کردہ ڈیٹا کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایسے افراد سے رابطہ کرتے تھے جو لون کے خواہش مند ہوتے تھے۔ فون کال کے ذریعے متاثرین کو پُرکشش شرائط پر پرسنل لون دلانے کا جھانسہ دیا جاتا اور بعد ازاں فرضی لون سینکشن لیٹر تیار کر کے واٹس ایپ کے ذریعے ارسال کیا جاتا تھا۔

جیسے ہی متاثرہ شخص پروسیسنگ فیس یا سینکشن فیس کے نام پر رقم منتقل کر دیتا، کچھ ہی دیر بعد ملزمان جعلی دستاویزات ڈیلیٹ کر دیتے اور تمام رابطہ ختم کر لیتے تھے۔ پوچھ گچھ کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ دونوں ملزمان ماضی میں سیکٹر-2، نوئیڈا کی ایک نجی کمپنی میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں، جہاں سے انہوں نے صارفین کا ڈیٹا حاصل کیا تھا۔ اسی ڈیٹا کی بنیاد پر وہ ٹھگی کی وارداتیں انجام دیتے رہے۔


پولیس نے بتایا کہ ہمانشو دوبے نے ٹھگی سے حاصل کی گئی رقم سے حال ہی میں ایک مہنگا گوگل پکسل موبائل فون خریدا تھا، جسے پولیس نے برآمد کر لیا ہے۔ ہمانشو دوبے کی عمر تقریباً 28 برس ہے اور وہ فی الحال مدھو بہار، کھوڑا کالونی، غازی آباد کا رہائشی ہے، جبکہ اس کا آبائی تعلق کرنل گنج، ضلع گونڈا سے بتایا گیا ہے۔

دوسرا ملزم ہمانشو ولد نریندر، عمر تقریباً 25 برس، نیو اشوک نگر، دہلی کا رہائشی ہے اور اس کا آبائی ضلع میرٹھ ہے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والے تین موبائل فون اور سم کارڈ بھی برآمد کیے ہیں۔ سائبر کرائم پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی نامعلوم شخص پرسنل لون کے نام پر پروسیسنگ فیس یا سینکشن فیس طلب کرے تو فوری طور پر محتاط ہو جائیں، کیونکہ ایسی صورتوں میں عموماً ٹھگی کی جاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔