کنگنا رانوت کی بہن رنگولی کو تبلیغی جماعت پر متنازعہ ٹوئٹ کرنے کی ملی سزا!

رنگولی چندیل نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے تبلیغی جماعت کے خلاف ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ جماعت کے لوگوں کو لائن میں کھڑا کر کے گولی مار دینی چاہیے۔ اب رنگولی کا ٹوئٹر ہینڈل سسپنڈ کر دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رانوت کی بہن اور ان کی منیجر رنگولی چندیل کا ٹوئٹر ہینڈل سسپنڈ کر دیا گیا ہے۔ متنازعہ ٹوئٹ اور تبصروں کے لیے مشہور رنگولی چندیل کا ٹوئٹر ہینڈل تبلیغی جماعت کے خلاف متنازعہ ٹوئٹ کیے جانے کی وجہ سے سسپنڈ کیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق رنگولی لگاتار گالی بھرے ٹوئٹ بھی کرتی نظر آ رہی تھیں جو کہ ٹوئٹر کے ضابطوں کے خلاف ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کا اکاؤنٹ بند کرنے کا فیصلہ ٹوئٹر انتظامیہ نے لیا۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے اثرات کے درمیان تبلیغی جماعت کو کچھ لوگ غلط طریقے سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ رنگولی نے بھی تبلیغی جماعت کے خلاف گزشتہ دنوں ایک متنازعہ ٹوئٹ کیا تھا جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ "ایک جماعتی کورونا وائرس سے مر گیا۔ جب ڈاکٹرس اور پولس والے انھیں چیک کرنے گئے تو ان پر حملہ کرتے ہیں اور مار دیتے ہیں۔ سیکولر میڈیا اور فیک ملّاؤں کو ایک لائن میں کھڑا کر کے گولی مار دینی چاہیے۔"


رنگولی چندیل نے اتنے پر ہی خاموشی اختیار نہیں کی بلکہ انھوں نے یہ بھی لکھ دیا کہ "ہمیں تاریخ کی پروا نہیں کرنی چاہیے کہ کوئی ہمیں نازی کہے گا۔ زندگی فیک امیج سے زیادہ قیمتی ہے۔" رنگولی کے اس ٹوئٹ کے بعد کئی مشہور و معروف ہستیوں نے ان کے خلاف آواز اٹھائی تھی اور ٹوئٹر سے شکایت بھی کی تھی کہ ان کے خلاف قدم اٹھائے۔ ریما کاگتی اور کبرا سیت ان لوگوں میں شامل ہیں جنھوں نے رنگولی کو ان کے ٹوئٹ کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا۔ فلم ہدایت کار ریما کاگتی نے ممبئی پولس کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اور اس پر کارروائی کریں۔ انھوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ لوگوں میں نفرت اور تشدد پھیلانا جرم ہے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔


کبرا سیت نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ انھوں نے رنگولی کو بلاک اور رپورٹ کر دیا ہے۔ انھوں نے مہاراشٹر وزیر اعلیٰ دفتر اور ممبئی پولس کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ "اس طرح نفرت پھیلانا بے حد غیر ذمہ دارانہ ہے۔ برائے کرم اس معاملے کو دیکھیں اور اس کے خلاف ضروری کارروائی کریں۔"

بہر حال، رنگولی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ سسپنڈ تو کر دیا گیا ہے لیکن یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ یہ کتنے دنوں کے لیے سسپنڈ کیا گیا ہے۔ رنگولی کے ٹوئٹر ہینڈل پر جانے کے بعد ٹوئٹر کا جو پیغام نظر آتا ہے، اس پر انگریزی میں صرف اتنا لکھا ہوا ہے کہ "اکاؤنٹ سسپنڈیڈ۔ ٹوئٹر نے اس اکاؤنٹ کو سسپنڈ کر دیا ہے کیونکہ ٹوئٹر ضابطوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔