ٹوئٹر نے ہندوستان میں بھی کیا اپنی سبسکرپشن سروس ’ٹوئٹر بلیو‘ کا آغاز، مہینے بھر کے لئے ادا کرنے ہوں گے 900 روپے

مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر نے ہندوستان میں بھی سبسکرپشن سروس شروع کر دی ہے۔ اس کے لئے ویب صارفین کو 650 روپے ماہانہ جبکہ موبائل صارفین کو 900 روپے ماہانہ ادا کرنے ہوں گے

ٹوئٹر بلیو ٹک / Getty Images
ٹوئٹر بلیو ٹک / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر نے ہندوستان میں بھی سبسکرپشن سروس شروع کر دی ہے۔ ہندوستان میں ’ٹوئٹر بلیو‘ نامی اس سروس کی قیمت 650 روپے ماہانہ سے شروع کی گئی ہے۔ اس کے لئے ویب صارفین کو 650 روپے ماہانہ جبکہ موبائل صارفین کو 900 روپے ماہانہ ادا کرنے ہوں گے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک کے گزشتہ سال 44 بلین ڈالر میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد سے ہی مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم میں کافی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ ایلون مسک نے حال ہی میں ٹوئٹر بلیو سروس کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس کے تحت آپ کو ٹوئٹر کی کچھ اضافی خدمات کے لئے چارج ادا کرنا پڑے گا۔


ٹوئٹر نے حال ہی میں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جاپان سمیت کچھ ممالک میں ٹوئٹر بلیو سروس شروع کر دی تھی۔ ان ممالک میں ویب صارفین کے لیے ٹوئٹر کا بلیو سبسکرپشن چارج 8 ڈالر ماہانہ ہے، جبکہ سالانہ سبسکرپشن لینے پر 84 ڈالر خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ ٹوئٹر اینڈرائیڈ صارفین سے 3 ڈالر اضافی حاصل کر کے گوگل کو کمیشن ادا کرے گا۔

اب یہ سروس ہندوستان میں بھی شروع ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہندوستان میں ٹوئٹر بلیو سروس لینے کے لیے ویب صارفین کو ماہانہ 650 روپے ادا کرنے پڑیں گے، جبکہ موبائل صارفین کے لیے اس کا چارج 900 روپے ماہانہ ہے۔ تاہم سالانہ سبسکرپشن لینے کے لیے 6800 روپے ادا کرنے ہوں گے۔


ٹویٹر بلیو سبسکرپشن کے ساتھ صارفین کو بلیو چیک مارک یا ٹک بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ صارفین کو ٹویٹس میں ترمیم کرنے، 1080پی ویڈیو کوالٹی کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے اور ریڈر موڈ رسائی کا اختیار حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ ٹوئٹر صارفین کو کم اشتہارات دیکھنے کو ملیں گے جبکہ نان سبسکرائبرز کو آنے والے وقت میں زیادہ اشتہارات دیکھنے کو ملیں گے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ تصدیق شدہ صارفین کی ٹویٹس کو جوابات اور ٹویٹس میں بھی ترجیح دی جائے گی۔ اس سروس کو لینے والے صارفین 4000 حروف تک کی ٹویٹس پوسٹ کر سکیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔