بہار کے ویشالی میں المناک حادثہ: تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر 12 افراد ہلاک

سلطان پور گاؤں میں پیش  آنے والے اس  واقعہ کے وقت لوگ سڑک کے کنارے پیپل کے پیڑ کے پاس  عبادت کر رہے تھے۔ حکومتوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ضلع کے دیساری تھانہ علاقے کے سلطان پور گاؤں میں اتوار کی رات بے قابو ٹرک کے ڈرائیور نے کئی لوگوں کو روند ڈالا۔ سب لوگ کھانا کھا کر گھروں کو لوٹ رہے تھے۔ اس خوفناک حادثے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس کے ساتھ ہی کئی لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر اعلی نتیش کمار اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے اس حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ یہ واقعہ اتوار کی رات تقریباً 9 بجے پیش آیا۔ اس حادثے پر مرکزی اور بہار حکومتوں نے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

یہ حادثہ دارالحکومت پٹنہ سے تقریباً 30 کلومیٹر دور ویشالی ضلع میں رات تقریباً 9 بجے پیش آیا۔واقعہ کے وقت لوگ سڑک کے کنارے پیپل کے درخت کے سامنے ایک مقامی دیوتا 'بھومیا بابا' کی پوجا کرنے کے لیے جمع تھے۔ نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق آر جے ڈی  کے مقامی ایم ایل اے مکیش روشن نے موقع پر پہنچ کر 12 لوگوں کی موت کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نو لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ تین دیگر ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گئے۔


خبر کے مطابق ویشالی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ منیش کمار نے کہا، ’’جلوس شادی سے منسلک رسم کے مطابق نکالا گیا تھا۔ شادی قریبی گاؤں سلطان پور کے رہنے والے ایک شخص کے گھر میں چند روز بعد شادی ہونا تھی ۔ متصل مہنار-حاجی پور شاہراہ پر تیز رفتار سے آنے والے ٹرک کے ڈرائیور نے اپنا کنٹرول کھو دیا۔ ٹرک ڈرائیور کو تباہ شدہ گاڑی سے نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس کے بھی ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔‘‘

تیجسوی یادو نے بھی حاجی پور میں اس واقعہ پر غم کا اظہار کیا۔ تیجسوی یادو نے کہا ’’ حاجی پور میں سڑک حادثے میں کئی لوگوں کی موت کی دل دہلا دینے والی خبر سے مجھے دکھ ہوا ہے۔ سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔ خدا مرحومین  کی روح کو سکون اور ان کے اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔"


خبر کے مطابق ضلع میں اس واقعہ کے بعد آر جے ڈی ایم ایل اے مکیش روشن اس وقت برہم ہوگئے جب سیول سرجن صدر اسپتال میں نہیں آئے۔ حادثے کی خبر سنتے ہی آر جے ڈی ایم ایل اے مکیش روشن موقع پر پہنچے اور سیول سرجن کو بلایا۔ سیول سرجن واقعہ کے ڈیڑھ گھنٹہ گزرنے کے باوجود ڈسٹرکٹ ہسپتال نہیں پہنچا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔