بی جے پی کو اقتدار سے ہٹا کر ہی سچائی کی فتح ہوگی: ملکارجن کھڑگے

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت ووٹ چوری اور جھوٹ پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچائی، آئین اور غریبوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانا ضروری ہے

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اتوار کو کہا کہ بی جے پی کی حکومت ووٹ چوری کے ذریعے قائم کی گئی اور جھوٹ پر کھڑی اس حکومت کی حقیقت اب عوام کے سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو گمراہ کرنے والی اس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنا وقت کی ضرورت بن گیا ہے۔

دہلی کے رام لیلا میدان میں کانگریس کی ’ووٹ چور گدی چھوڑ‘ میگا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا نظریہ جھوٹ پر مبنی ہے، جبکہ کانگریس سچائی کے نظریے پر یقین رکھتی ہے۔

ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ کانگریس کے قائد راہل گاندھی سچائی کے اسی نظریے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور پارٹی کارکنوں کو چاہیے کہ وہ اس جدوجہد کو مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھائیں اور ملک میں ووٹ چوری کے کھیل کو ختم کریں۔

کھڑگے نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ ملک کو آگے نہیں لے جا سکتا، کیونکہ جھوٹ میں کبھی طاقت نہیں ہوتی۔ اسی وجہ سے موجودہ حکومت خوف زدہ ہے اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے سوالوں کا جواب دینے سے گریز کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت سے اہم سوالات پوچھے جا رہے ہیں مگر پارلیمنٹ میں ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا جا رہا۔ ایس آئی آر جیسے سنجیدہ معاملے پر بحث کے بجائے وندے ماترم کے نعروں کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔


کانگریس صدر کے مطابق بی جے پی قیادت کا اعتماد متزلزل ہو چکا ہے، کیونکہ وہ سچ کے سامنے آنے سے خوف زدہ ہے۔ اب انہیں اندازہ ہو گیا ہے کہ ووٹ چوری کی سازش بے نقاب ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی-آر ایس ایس کا نظریہ غریبوں کے مفاد کے خلاف ہے، اسی لیے اسے ختم کرنا ضروری ہے اور اس کا پہلا قدم بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔

کھڑگے نے کہا کہ آئین ہر شہری کو ووٹ کا حق دیتا ہے مگر بی جے پی حکومت غریبوں سے یہ حق چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت غربت کو بڑھاوا دے کر اپنے چند امیر دوستوں کو ارب پتی بنا رہی ہے۔ کانگریس کی جدوجہد غریبوں کے مفاد میں، ووٹ چوری اور جھوٹ کے خلاف، اور آئین و شہری حقوق کے تحفظ کے لیے ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں کانگریس کا ساتھ دیں تاکہ غریب مخالف حکومت کو اقتدار سے بے دخل کیا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔