تھرور روسی تیل کے بارے میں ٹرمپ کے دعوے پر برہم
ٹرمپ کو مشورہ دیتے ہوئے ششی تھرور نے کہا کہ ٹرمپ کو یہ اعلان نہیں کرنا چاہیے کہ ہندوستان کیا فیصلے کرے گا کیونکہ ہم دنیا کو نہیں بتاتے کہ ٹرمپ کیا کریں گے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے اس دعوے کو دہرایا ہے کہ ہندوستان نے روس سے تیل خریدنا بند کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور وہ اس سال کے آخر تک ایسا کرنا بند کر دے گا۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے امریکہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دنیا کو یہ نہ بتائے کہ ہندوستان کیا کرے گا کیونکہ نئی دہلی واشنگٹن ڈی سی کی جانب سے بات نہیں کرتا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے کہا، "ٹرمپ کا ہندوستان کے فیصلوں کا اعلان کرنا درست نہیں ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہندوستان اپنے فیصلوں کا اعلان خود کرے گا۔ ہم دنیا کو نہیں بتاتے کہ ٹرمپ کیا کریں گے۔ میرے خیال میں ٹرمپ کو دنیا کو نہیں بتانا چاہئے کہ ہندوستان کیا کرے گا"۔
پچھلے کچھ دنوں سے ٹرمپ یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ ہندوستان نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ روس سے تیل کی درآمد کم کرے گا۔ انہوں نے بدھ یعنی22 اکتوبر کو کہا، "ہندوستان نے مجھے بتایا ہے کہ وہ روسی تیل خریدنا بند کر رہے ہیں۔ یہ ایک عمل ہے، آپ صرف اچانک نہیں روک سکتے، سال کے آخر تک، وہ تقریباً رک چکے ہوں گے، اس میں تقریباً 40 فیصد کمی آئے گی۔ ہندوستان بہت اچھا ہے۔ کل میں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کی تھی۔ وہ ایک شاندار شخص ہیں۔"
صدر ٹرمپ نے کہا کہ چین اور روس کے تعلقات قدرے مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ اور ماسکو کے درمیان تعلقات پہلے کبھی اچھے نہیں تھے لیکن سابقہ امریکی انتظامیہ کی پالیسیوں کی وجہ سے یہ صورتحال تبدیل ہوئی ہے۔ اس بیان کے ایک دن بعد، امریکہ نے کل روس کی دو تیل کمپنیوں روزنیفٹ اور لوکوئیل پر پابندیاں عائد کر دیں۔ یہ روس کی دو بڑی تیل کمپنیاں ہیں اور پابندیاں ماسکو کی معیشت کو متاثر کر سکتی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔