ٹرمپ نے 7 مہینے میں 1700 ہندوستانیوں کو امریکہ سے نکالا، ڈپورٹیشن کے دوران نازیبا سلوک پر ہندوستان کا اظہار تشویش

امریکہ سے باہر نکالے گئے موجودہ ہندوستانیوں کی تعداد بائیڈن حکومت اور ٹرمپ کی پہلی مدت کار کے آخری سال کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔ ابھی امریکہ سے اوسطاً 8 ہندوستانی روزانہ ڈپورٹ کیے جا رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’انسٹا گرام‘</p></div>

تصویر ’انسٹا گرام‘

user

قومی آواز بیورو

ڈونالڈ ٹرمپ جب سے امریکی اقتدار پر دوبارہ قابض ہوئے ہیں ہندوستانیوں کے لیے امریکہ میں رہنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اس مدت کار میں امریکہ سے ہندوستانیوں کی واپسی میں زبردست اُچھال درج کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ (ایم ای اے) کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے پہلے 7 مہینوں میں ہی 1703 ہندوستانیوں کو امریکہ سے جبراً ہندوستان بھیج دیا گیا ہے، یعنی ہر دن اوسطاً 8 ہندوستانیوں کو ڈپورٹ کیا گیا۔

یہ اعداد و شمار بائیڈن حکومت اور ٹرمپ کی پہلی مدت کار کے آخری سال کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔ یہ تیزی گزشتہ پانچ برسوں میں درج کیے گئے سبھی ہندوستانیوں کی بے دخلی کا تقریباً ایک چوتھائی ہے، جن کی کُل تعداد 7244 ہے۔ جنوری 2020 اور دسمبر 2024 کے درمیان اوسطاً تین ہندوستانی روزانہ ہندوستان بھیجے گئے تھے۔


ڈونالڈ ٹرمپ کی حکومت نے 2025 کی شروعات سے ہی امیگریشن پالیسی کو سخت کرتے ہوئے غیر قانونی تارکین وطن اور ویزا شرائط کی خلاف ورذی کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔ 26 جون کو امریکی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ویزا ملنے کے بعد بھی نگرانی جاری رہتی ہے۔ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے پر ویزا منسوخ کرکے ڈپورٹ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی امریکی حکومت نے انتباہ کیا ہے کہ غیر قانونی طور سے امریکہ میں داخل کرنے پر گرفتاری، ڈپورٹیشن اور مستقبل میں ویزا پر مکمل پابندی لگے گی۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں وزارت خارجہ کے حوالے سے کہا ہے کہ 2025 میں اب تک 1703 ہندوستانیوں کو مختلف ذرائع سے ڈپورٹ کیا گیا، جس میں سے 864 لوگ چارٹرڈ اور فوجی طیاروں سے واپس بھیجے گئے۔ فروری میں 333 ہندوستانیوں کو تین الگ الگ تاریخوں کو امریکی سرحدی سلامتی دستہ نے بھیجا۔


امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمس انفورسمنٹ نے مارچ اور جون میں 231 شہریوں کو چارٹرڈ فلائٹ سے بھیجا۔ وہیں ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکوریٹی نے جولائی میں 300 لوگوں کو دو فلائٹس سے ہندوستان بھیجا۔ 747 ہندوستانیوں کی واپسی کمرشیل فلائٹس کے توسط سے ذاتی یا چھوٹے گروپوں میں ہوئی۔ پنامہ سے بھی 72 لوگوں کی واپسی اسی دوران ہوئی۔ یہ امریکہ میں غیر قانونی طور سے داخل ہونے کی کوشش میں پکڑے گئے تھے۔

2025 میں ڈپورٹ کیے گئے 1703 ہندوستانیوں میں سے 90 فیصد صرف 5 ریاستوں سے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ پنجاب سے 620، پھر ہریانہ کے 604، گجرات کے 245، اتر پردیش کے 38 اور گوا کے 26 لوگ ہندوستان بھیجے گئے۔ دیگر ریاستوں میں یہ تعداد کافی کم رہی۔ جیسے کہ مہاراشٹر اور دہلی سے 20-20، تلنگانہ کے 19، تمل ناڈو کے 17، آندھرا پردیش و اتراکھنڈ کے 12-12 اور کرناٹک کے صرف 5 لوگ واپس بھیجے گئے ہیں۔


وزارت خارجہ نے امریکہ سے اپیل کی ہے کہ ڈپورٹیشن کا عمل انسانیت کا خیال رکھتے ہوئے ہونا چاہیے۔ وزارت نے خواتین اور بچوں پر بیڑیوں کے استعمال اور مذہبی ثقافتی حساسیت کی خلاف ورزی پر فکرمندی کا اظہار کیا۔ وزارت خارجہ نے کہا، ’’ہم امریکی افسروں کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہندوستانی شہریوں کے ساتھ فخریہ سلوک کیا جائے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔