’سچا لیڈر تنہا کریڈٹ نہیں لیتا‘، اندرا گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے ورون گاندھی نے شیئر کیا تاریخی خط

ورون گاندھی نے اندرا گاندھی کے ذریعہ جنرل سیم مانک شا کو لکھے گئے ایک پرانے خط کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’ایک سچا لیڈر جانتا ہے کہ جیت پوری ٹیم کی ہوتی ہے اور جانتا ہے کہ کب بڑا دل ہونا چاہیے۔‘‘

ورون گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
ورون گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے آج آنجہانی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے ایک انتہائی تاریخی خط سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ خط کے ساتھ انھوں نے اندرا گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سچا لیڈر جیتنے کا تنہا کریڈٹ نہیں لیتا۔ جو خط ورون گاندھی نے شیئر کیا ہے وہ 1971 کی جنگ میں پاکستان کے خلاف ہندوستان کی جیت سے جڑا ہوا ہے۔

دراصل ورون گاندھی نے اپنی دادی اندرا گاندھی کی طرف سے اُس وقت کے فوجی چیف جنرل سیم مانک شا کو لکھا خط ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔ خط میں دکھائی دے رہی تاریخ کے مطابق یہ 22 دسمبر 1971 میں لکھا گیا تھا۔ یعنی خط کو لکھے ہوئے آج 52 سال ہو گئے۔ خط کے ساتھ ہی پوسٹ میں ورون گاندھی نے لکھا ہے ’’1971 کی جنگ میں تاریخی جیت کے بعد وزیر اعظم اندرا گاندھی کا اُس وقت کے فوجی چیف جنرل سیم مانک شا کو خط۔ ایک سچا لیڈر جانتا ہے کہ جیت پوری ٹیم کی ہوتی ہے، اور جانتا ہے کہ کب بڑا دل ہونا چاہیے اور تنہا کریڈٹ نہیں لینا چاہیے۔ آج کے دن پورا ہندوستان ان دونوں عظیم ہندوستانی خزانوں کو سلام کرتا ہے...۔‘‘


ورون گاندھی نے جو خط شیئر کیا ہے اس میں اندرا گاندھی نے لکھا تھا ’’محب جنرل مانک شا، گزشتہ دنوں میں ہماری علاقائی سالمیت کی حفاظت کرنے اور ہمارے قومی اقدار کو بنائے رکھنے میں ہماری مسلح افواج کی شاندار حصولیابی نے پبلک ایڈمنسٹریشن کا ثبوت دیا ہے۔ میں جانتی ہوں کہ فوجی چیف کی شکل میں اور چیف آف اسٹاف کمیٹی کے سربراہ کی شکل میں آپ کا بوجھ کتنا بھاری رہا ہے اور آپ پر دباؤ کتنا لگاتار رہا ہے۔ تینوں افواج کے درمیان کوآرڈنیشن، جو مہم کے دوران اتنا اثردار طریقے سے ظاہر ہوا، اس کا سہرا آپ کی شاندار قیادت کو جاتا ہے۔ میں خاص طور سے اس بحران کے دوران آپ کے تعاون، آپ کے واضح مشوروں اور مستقل حوصلہ افزائی کو اہمیت دیتی ہیں۔ میں آپ کے تئیں، آپ کے افسران اور اہلکاروں کے تئیں حکومت اور ہندوستان کے لوگوں کا شکریہ ظاہر کرنا چاہتی ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔