بھگوڑے نیرو مودی پر کسا شکنجہ، ممبئی کورٹ نے ملکیت قرق کرنے کا دیا نوٹس!

ممبئی کی خصوصی عدالت نے ’فرار معاشی مجرم ایکٹ 2008‘ کے تحت نیرو مودی اور اس کی بہن پوروی مہتا کو نوٹس جاری کر دونوں کو ممبئی میں 11 جون کو اپنے سامنے پیش ہونے کو کہا ہے۔

 نیرو مودی، تصویر آئی اے این ایس
نیرو مودی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بھگوڑا ہیرا کاروباری نیرو مودی کے لیے قانونی مصیبتیں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ ان پر شکنجہ لگاتار کستا جا رہا ہے۔ نیرو مودی ابھی برطانیہ کی عدالت میں خودسپردگی کی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں اور ساتھ ہی ضمانت کی لڑائی بھی جاری ہے۔ اس درمیان ممبئی کورٹ نے نیرو مودی اور ان کی بہن کو نوٹس جاری کر پوچھا ہے کہ ان کی اور ان کی کمپنیوں کی ملکیت کو ضبط کیوں نہیں کیا جانا چاہیے۔

ممبئی کی خصوصی عدالت نے فرار معاشی مجرم ایکٹ 2018 کے تحت نیرو مودی اور اس کی بہن پوروی مہتا کو نوٹس جاری کیا ہے جو پانچ مہینے پہلے سرکاری گواہ بنی تھی۔ اسپیشل جج وی سی برڈے نے دونوں کو ممبئی میں 11 جون کو اپنے سامنے پیش ہونے کا نوٹس دیا ہے۔ انھیں یہ بھی بتانے کے لیے کہا گیا ہے کہ عدالت کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ 2018 کی شروعات میں داخل ایک منی لانڈرنگ معاملے میں دونوں بھائی بہنوں اور قانون کے تحت دیگر گروپ کی کمپنیوں کی ملکیتوں کو کیوں نہیں ضبط کرنا چاہیے۔


خصوصی عدالت نے یہ حکم نیرو مودی، ان کے اہل خانہ کے کئی اراکین، ان کے ماما میہل چوکسی اور دیگر کے خلاف پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) سے تقریباً 14 ہزار کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام لگنے کے ٹھیک ساڑھے تین سال بعد دیا ہے۔ اس معاملے میں فروری 2018 میں ممبئی کے ایک مجسٹریٹ نے نیرو مودی کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ کا حکم دیا تھا۔ پھر جون 2018 میں انٹرپول نے ایک ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا، جس کے بعد ہندوستان کے ذریعہ برطانیہ کے افسران سے اگست 2018 میں انھیں ہندوستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔