تریپورہ میں یومِ کوکبوروک: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے پیش کی مبارک باد

تریپورہ میں 48 ویں یومِ کوکبوروک پر جوش و خروش رہا۔ اس دن کوکبوروک زبان کو 1979 میں ملی سرکاری منظوری کی یاد منائی گئی اور رہنماؤں نے زبان و ثقافت کے تحفظ کا عزم دہرایا

<div class="paragraphs"><p>کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے / تصویر آئی این سی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

تریپورہ میں 48 ویں یومِ کوکبوروک کے موقع پر پیر کے روز جوش و خروش اور فخر کا ماحول دیکھنے میں آیا۔ ہر سال 19 جنوری کو منایا جانے والا یہ دن 1979 کی اس تاریخی یاد کو تازہ کرتا ہے، جب کوکبوروک زبان کو ریاست میں پہلی بار سرکاری سطح پر تسلیم کیا گیا تھا۔ کوکبوروک تریپورہ کے اصل باشندوں، بالخصوص تریپوری قبائل کی قدیم اور زندہ زبان ہے، جو صدیوں سے نہ صرف روزمرہ زندگی بلکہ رسوم، روایات اور اجتماعی شناخت کا حصہ رہی ہے۔

اس موقع پر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے تریپورہ کے عوام کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ کوکبوروک زبان اور ثقافت کے اس ورثے کا جشن ہے جو ہندوستان کی لسانی و تہذیبی گوناگونی کو نمایاں کرتا ہے۔ ان کے مطابق کوکبوروک ایک قدیم، ثقافتی طور پر بھرپور اور مقامی زبان ہے جو ہزاروں برس سے بولی جا رہی ہے اور ملک کے مشترکہ اقدار کو مضبوط بناتی ہے۔


کانگریس پارٹی کی جانب سے بھی اس موقع پر ایک پیغام جاری کیا گیا، جس میں تریپورہ کی بہنوں اور بھائیوں کو یومِ کوکبوروک کی مبارک باد دی گئی۔ پارٹی نے کہا کہ یہ دن 1979 میں کوکبوروک کو سرکاری زبان کے طور پر ملی ابتدائی منظوری کی یاد دلاتا ہے اور یہ امید ظاہر کی کہ یہ موقع سماجی ہم آہنگی کو فروغ دے گا اور مختلف ثقافتوں اور مشترکہ وراثت پر فخر کا احساس پیدا کرے گا۔

ریاست کے قبائلی فلاحی وزیر وکاس دیوورما نے بھی یومِ کوکبوروک پر اپنے پیغام میں عوام کو نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ کوکبوروک تریپورہ کے لوگوں کی ثقافتی دولت، روایات اور شناخت کی علامت ہے۔ ان کے مطابق اس دن کا مقصد صرف جشن منانا نہیں بلکہ اس قیمتی زبان کے تحفظ، فروغ اور آنے والی نسلوں تک منتقلی کے عزم کو دہرانا بھی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دن ریاست میں خوشحالی، اتحاد اور ثقافتی بیداری کو مزید مضبوط کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔