پریاگ راج میونسپل کارپوریشن میں ترنگے کی بے عزتی، میٹنگ ہال میں کھڑکی کا پردہ بنا کر لٹکایا گیا!

پریاگ راج کے میئر گنیش کیسروانی کے مطابق ایوان کی رنگائی پتائی کا کام چل رہا ہے اور کسی شخص نے یہ کام (ترنگے کو پردہ بنانے کا) ناسمجھی میں کر دیا۔

قومی جھنڈا، تصویر آئی اے این اایس
قومی جھنڈا، تصویر آئی اے این اایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے پریاگ راج میں ترنگے کی بے عزتی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پریاگ راج میونسپل کارپوریشن کے میٹنگ ہال میں پردے کی جگہ ایک کھڑکی پر ترنگا لٹکا دیا گیا۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پریاگ راج میونسپل کارپوریشن ایوان کے میٹنگ میں میئر کی کرسی کے پیچھے کی کھڑکی میں ترنگے کو پردہ بنا کر لگا دیا گیا تھا۔ کسی نے اس کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر اَپلوڈ کر دی۔ جب لوگوں نے اسے دیکھا تو ترنگے کا پردہ بنانے والے کی سخت تنقید کی۔

ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پریاگ راج میونسپل کارپوریشن میں پہلے 80 وارڈ ہوا کرتے تھے جس میں مجموعی طور پر 80 کونسلر تھے۔ لیکن 2023 میں وارڈوں کی تعداد کو بڑھا کر 100 کر دی گئی اور اسی وجہ سے میٹنگ ہال میں 20 بڑھے کونسلروں کے بیٹھنے کا انتظام کیا جا رہا تھا۔ ایوان میں رینوویشن کا کام اب بھی جاری ہے اور رنگائی پتائی بھی ہو رہی ہے۔ ٹوٹی دیواروں اور فرشوں کی بھی مرمت کی جا رہی ہے تاکہ ہال کو خوبصورت بنایا جا سکے۔ پریاگ راج کے میئر گنیش کیسروانی کے مطابق ایوان کی رنگائی پتائی کا کام اب بھی چل رہا ہے اور اسی درمیان کسی شخص نے یہ کام (ترنگے کو پردہ بنانے کا) ناسمجھی میں کر دیا۔ جس نے بھی یہ کیا ہے اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔