پارلیمنٹ ہاؤس میں باپو اور شاستری کو خراج عقیدت

پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کی گئی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم بڑلانے، کئی سینئر مرکزی وزراء اور ممبران پارلیمنٹ کے ہمراہ، بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے سینٹرل ہال میں مودی اور بڑلا کے علاوہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ، وزیر ریلوے پیوش گوئل، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد، سابق نائب وزیر اعظم ایل کے اڈوانی، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری کی تصویر کو گلہائے عقیدت پیش کیے۔


اس سے قبل آج، باپو کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پارلیمنٹ کمپلیکس میں ان کے مجسمے کے قریب ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس کی صدارت بڑلا نے کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے کیونکہ مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش نہ صرف ہندوستان میں بلکہ پوری دنیا میں منائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باپو نے سچائی اور عدم تشدد کے ابدی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کی تحریک آزادی کی قیادت کی جو بعد میں ایک عوامی تحریک بن گئی جو عدم تشدد پر مبنی تھی۔

لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ اس دن ملک نے بھی صاف ستھرے ہندوستان کا ہدف حاصل کرلیا ہے اور اب ہمیں ملک سے ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کو ختم کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔ اس تقریب میں متعدد مرکزی وزراء ، وزراء مملکت ، ممبران پارلیمنٹ ، لوک سبھا جنرل سکریٹری اسنہ لتا شریواستو اور دیگر بہت ساری اہم شخصیات شریک ہوئیں۔


سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو یاد کرتے ہوئے بڑلا نے کہا کہ شاستری نے ملک کے کسانوں کو بااختیار بنانے کے لئے انتھک کوششیں کیں۔ ان کوششوں کے نتیجے میں، ہندوستان اب خوراک اور زراعت کے شعبے میں خود کفیل ہوگیا ہے۔ انہوں نے ممبران پارلیمنٹ اور ملک کے عوام سے اپیل کی کہ وہ مہاتما گاندھی کی تعلیمات پر عمل کریں اور ملک کے سب سے غریب شخص کے لئے امن و انصاف کا مقصد حاصل کرنے کے لئے انتھک جدوجہد کریں۔

اس سے قبل پارلیمنٹ کمپلیکس میں کھادی اور دیہی صنعت کمیشن (کے وی آئی سی) کے ذریعہ چرخہ کاتنے کی نمائش کی گئی۔ بڑلا اور دیگر ممتاز شخصیات نے بھی چرخہ چلایا اور مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کے نامور گلوکار او پدم شری ایوارڈ یافتہ مدھپ مدگل نے بھجن گائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Oct 2019, 10:10 PM
/* */