چودھری چرن سنگھ کی 34ویں برسی پر جینت چودھری نے نم آنکھوں سے پیش کیا خراج عقیدت

جینت چودھری نے اپنے دادا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد والد اجیت سنگھ کو بھی یاد کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ کسانوں کی ترقی اور ان کی کامیابی کے لیے سوچتے رہتے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

کسانوں کے لیے مسیحا تصور کیے جانے والے چودھری چرن سنگھ کی آج 34ویں برسی ہے، اور اس موقع پر کئی سیاسی و سماجی ہستیوں نے انھیں یاد کیا۔ چودھری چرن سنگھ کے پوتے اور راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے نومنتخب سربراہ جینت چودھری نے کسان گھاٹ واقع چودھری چرن سنگھ کی ’سمادھی استھل‘ پر پہنچ کر ان کو یاد کرتے ہوئے عقیدت کے پھول پیش کیے۔ جینت چودھری کے ساتھ ان کے اہل خانہ بھی تھے، اور معروف کسان لیڈر راکیش ٹکیت و دیگر کسان لیڈران بھی اس موقع پر جینت چودھری کے ساتھ نظر آئے۔

اس موقع پر جینت چودھری کی آنکھیں نم نظر آئیں کیونکہ ان کے والد اجیت سنگھ کا کچھ دن پہلے ہی انتقال ہوا تھا، اور ابھی تک وہ اس غم سے باہر نہیں نکل پائے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ دادا چودھری چرن سنگھ اور والد اجیت سنگھ کے راستے پر چلتے ہوئے کسانوں کی فلاح کے لیے کام کریں گے۔ ’قومی آواز‘ کو انھوں نے بتایا کہ ’’چودھری چرن سنگھ کے سماجی اصلاحات آج کے زمانے میں بھی اتنے ہی موثر ہیں، جتنے کہ گزشتہ دور میں تھے۔ کروڑوں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے چودھری چرن سنگھ کے سماجی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔‘‘


جینت چودھری نے اپنے دادا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد والد اجیت سنگھ کو بھی یاد کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ کسانوں کی ترقی اور ان کی کامیابی کے لیے سوچتے رہتے تھے۔ آر ایل ڈی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ جب اجیت سنگھ آخری سانس لے رہے تھے تب بھی چودھری چرن سنگھ کو یاد کر رہے تھے، وہ ان سے بے پناہ محبت کرتے تھے اور ہمیشہ ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کی۔

سماجی کارکن سید جواد رضی نے بھی چودھری چرن سنگھ کو یاد کرتے ہوئے انھیں کسانوں کا مسیحا ٹھہرایا اور ’قومی آواز‘ کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’کسانوں کے مفاد میں چودھری چرن سنگھ نے جو کام کیے، اسے قطعاً فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ان کے بیٹے اجیت سنگھ نے بھی کسانوں کے مسائل حکومت کے سامنے رکھنے اور اس کا حل نکالنے کے لیے جی توڑ محنت کی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کچھ دن پہلے ہی اجیت سنگھ کا انتقال ہوا ہے اور ان کے بیٹے جینت چودھری پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ ایسے وقت میں ہم لوگوں کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ چودھری چرن سنگھ اور اجیت سنگھ کے بعد کسانوں کو جینت چودھری سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ اس لیے جینت چودھری کو مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔‘‘


بہر حال، بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان اور معروف کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے بھی چودھری چرن سنگھ کی 34ویں برسی پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا اور اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر یہ پوسٹ بھی کیا کہ ’’کسان اس ملک کا مالک ہے، ملک کی خوشحالی کا راستہ گاؤں کے کھیتوں اور کھلیانوں سے ہو کر گزرتا ہے۔ دھرتی پتر چودھری چرن سنگھ جی کی 34ویں برسی پر پرخلوص خراج عقیدت۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔