دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کے یومِ پیدائش پر شجرکاری کا اہتمام، ہزاروں کانگریس کارکنان نے پیش کی مبارکباد
دیویندر یادو نے کہا کہ میں دہلی کے ان سبھی پارٹی کارکنان و لیڈران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے مجھے مل کر یا سوشل میڈیا، ڈاک، فون اور ای میل کے ذریعہ یومِ پیدائش کی مبارکباد پیش کی۔

دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو کو آج اُن کے یومِ پیدائش پر ہزاروں کانگریسی کارکنان نے مبارکباد پیش کی اور طویل عمر و مستقبل میں کامیابیوں کے لیے نیک تمنائیں بھی دیں۔ صبح سے ہی کانگریس کارکنان ڈھول نگاڑوں کے ساتھ دیویندر یادو کی رہائش پر پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ یہ کارکنان ریاستی صدر کی سالگرہ کی خوشیاں منا رہے تھے اور ایک دوسرے کو کیک و مٹھائیاں کھلا رہے تھے۔ ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کارکنان’جب تک سورج چاند رہے گا، دیویندر یادو تیرا نام رہے گا ‘ جیسے نعرے لگاتے ہوئے اُن کی رہائش پر پہنچے۔ کچھ لوگ اپنے ساتھ دیویندر یادو کی تصویر والے کیک بھی لے کر آئے تھے۔

بڑی تعداد میں سینئر رہنما، سابق اراکین اسمبلی، کارپوریٹرس، سابق کارپوریٹرس، ضلع اور بلاک صدور سمیت انتظامی و سماجی تنظیموں کے افراد نے پھول مالائیں، گلدستے، شال اور ماحولیات کے تحفظ کی علامتی حیثیت رکھنے والے پودے پیش کر دیویندر یادو کو یومِ پیدائش کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دیویندر یادو نے اپنے یومِ پیدائش پر قریبی پارک میں شجرکاری بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’’فطرت کے تحفظ کی یہ چھوٹی سی کوشش ہمارے مستقبل کو ہریالی سے بھر سکتی ہے۔ میری سب سے درخواست ہے کہ اپنی زندگی کے خاص مواقع پر ایک پودا ضرور لگائیں۔‘‘
اپنے یومِ پیدائش سے متعلق دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریسی کارکنان نے اتنی بڑی تعداد میں آ کر مجھے جو عزت دی ہے، میں دہلی کانگریس کے ہر کارکن اور رہنما کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان سبھی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے سوشل میڈیا، ڈاک، فون اور ای میل کے ذریعے مجھے یومِ پیدائش کی مبارکباد دی۔
دیویندر یادو نے کہا کہ میرے یومِ پیدائش پر کانگریس کارکنان و لیڈران کی بڑی تعداد میں موجودگی سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ تنظیم کی تشکیل سے متعلق مہم کے تحت راہل گاندھی جی کی پارٹی کو مضبوط بنانے کے ہدف کو ہم دہلی میں کامیابی کے ساتھ پورا کر رہے ہیں۔ آج ہماری تنظیم پوری طرح کھڑی ہو چکی ہے اور ہم نے بلاک صدور کے ساتھ ساتھ منڈلم اور سیکٹر بھی تشکیل دے کر دہلی میں تنظیم کو بوتھ سطح تک مضبوط بنا دیا ہے۔ منڈلم اور سیکٹر صدور کی تشکیل سے بلاک اور ضلع صدور کے کام آسان ہو گئے ہیں، اور اب بوتھ سطح اور گلی محلوں تک کانگریس کا پیغام اور پارٹی کی پالیسی و نظریہ گھر گھر پہنچانے میں منڈلم و سیکٹر صدور اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔