بنگلور سے میسور کا سفر صرف 75 منٹ میں، وزیر اعظم مودی آج کریں گے ایکسپریس وے کا افتتاح

وزیر اعظم نریندر مودی آج اتوار (12 مارچ) کو دورہ کرناٹک کے دوران تقریباً 16000 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعظم نریندر مودی، تصویر یو این آئی</p></div>

وزیر اعظم نریندر مودی، تصویر یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی آج اتوار (12 مارچ) کو دورہ کرناٹک کے دوران تقریباً 16000 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم اس دوران بنگلورو-میسور ایکسپریس وے کو قوم کے نام وقف بھی کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق یہ ایکسپریس وے 8480 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے اور اس کی لمبائی 118 کلومیٹر ہے۔ اس ایکسپریس وے کے سبب بنگلورو-میسور کے درمیان سفر کا وقت تین گھنٹے سے کم ہو کر صرف 75 منٹ رہ جائے گا۔

پی ایم او کے مطابق وزیر اعظم مودی اتوار کو تقریباً 12 بجے منڈیا میں سڑکوں کے بڑے پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے بعد دوپہر تقریباً 3.15 بجے وہ ہبلی دھارواڑ میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم مودی کا اس سال کرناٹک کا یہ چھٹا دورہ ہے۔ ریاست میں اس سال اپریل-مئی میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔


پی ایم او نے بتایا کہ بنگلورو-میسور ایکسپریس وے پروجیکٹ میں این ایچ-275 کے بنگلورو-نداگھٹا-میسور سیکشن کو چھ لین کا کرنا شامل ہے۔ یہ 118 کلومیٹر طویل پروجیکٹ تقریباً 8480 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعظم مودی نے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری کے ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ بنگلور-میسور ایکسپریس وے کی تعمیر میں چار ریل اوور برج، 9 پل، 40 چھوٹے پل اور 89 انڈر پاس شامل ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے اس پروجیکٹ کے بارے میں کہا کہ یہ اہم کنیکٹیویٹی پلاننگ ہے، جو کرناٹک کی ترقی کی راہ میں اپنا حصہ ڈالے گا۔ وزیر اعظم مودی میسور-خوشال نگر فور لین ہائی وے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 92 کلو میٹر طویل سڑک پراجیکٹ تقریباً 4130 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جائے گا۔


یہ پروجیکٹ بنگلورو کے ساتھ کشال نگر کے رابطے کو بڑھانے میں اہم رول ادا کرے گا اور سفر کے وقت کو تقریباً 5 سے گھٹا کر صرف 2.5 گھنٹے کرنے میں مدد کرے گا۔ ہبلی دھارواڑ میں وزیر اعظم آئی آئی ٹی دھارواڑ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد فروری 2019 میں وزیر اعظم مودی نے رکھا تھا۔ اسے 850 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی سدارودھا سوامی جی ہبلی اسٹیشن پر دنیا کے سب سے طویل ریلوے پلیٹ فارم کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس ریکارڈ کو حال ہی میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے تسلیم کیا ہے۔ تقریباً 20 کروڑ روپے کی لاگت سے 1507 میٹر لمبا پلیٹ فارم بنایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔