'خطرناک' ممالک سے آنے والے مسافروں کو 7 دن تک قرنطینہ میں رہنا پڑے گا، مہاراشٹر حکومت کا حکم

مہاراشٹر حکومت نے منگل کے روز کہا کہ کورونا کے نئے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے خطرے سے دوچار ممالک سے آنے والے تمام بین الاقوامی مسافروں کو لازمی طور پر 7 دن کے قرنطینہ سے گزرنا ہوگا

کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر حکومت نے منگل کے روز کہا کہ کورونا کے نئے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے خطرے سے دوچار ممالک سے آنے والے تمام بین الاقوامی مسافروں کو لازمی طور پر 7 دن کے قرنطینہ سے گزرنا ہوگا۔ این ڈی ٹی وی نے ممبئی ایئرپورٹ کے ذرائع کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ مسافروں کو لازمی آئسولیشن میں رکھنے کے احکامات پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مسافروں کو ہوٹلوں میں قرنطینہ رہنے کے لیے خود ادائیگی کرنا ہوگی۔

اس حکم سے ریاست کے ہوائی اڈوں پر تذبذب کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے کیونکہ بہت سے مسافر ریاست پہنچنے کے لیے درمیانی راستے پر ہیں اور وہ اس مدت میں لازمی قرنطینہ قوانین اور ہوٹل کی فیس کی ادائیگی کی رپورٹس سے بے خبر ہو سکتے ہیں۔

حکومتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ میں مثبت پائے جانے والے مسافروں کو ہسپتال منتقل کر دیا جائے گا، جب کہ منفی رپورٹ آنے والوں کو مزید 7 دن تک گھر میں قرنطینہ رہنا ہوگا۔


ریاستی حکومت نے کہا کہ کورونا کے تشویش ناک ویرینٹ قرار دئے گئے 'اومیکرون' کے پیش نظر مرکز کی جانب سے 28 نومبر کو جاری کردہ سفری رہنما خطوط کے مطابق کم از کم پابندیاں نافذ رہیں گی۔

نئے رہنما خطوط کے مطابق ریاست کا سفر کرنے والے بین الاقوامی مسافروں کو ان ممالک کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی جن کا انہوں نے گزشتہ 15 دنوں میں دورہ کیا ہے۔ ان کی آمد پر امیگریشن کی جانب سے کراس چیک کیا جائے گا۔ غلط معلومات دینے پر مسافر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کی دفعات کے تحت کارروائی کے لیے ذمہ دار ہوں گے۔

’خطرے میں‘ سمجھے جانے والے ممالک کی فہرست میں اب برطانیہ، یورپ کے تمام 44 ممالک، جنوبی افریقہ، برازیل، بنگلہ دیش، بوتسوانا، چین، ماریشس، نیوزی لینڈ، زمبابوے، سنگاپور، ہانگ کانگ اور اسرائیل شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔