ہندوستان: خوفناک اسٹیج کی طرف بڑھ رہا کورونا، ڈاکٹر اور نرسوں کی ٹریننگ شروع

ڈاکٹر اور نرسوں کے علاوہ پولس، ہیلتھ اور دیگر اہلکاروں کو بھی خاص ٹریننگ دینے کا مقصد انھیں کورونا وائرس کی روک تھام کے تئیں پیشہ ور بنانا اور محفوظ رہتے ہوئے کام کرنے کا طریقہ بتانا ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس سے جنگ لڑنے کے لیے اس وقت بڑے پیمانے پر ڈاکٹرس، نرسوں، پیرامیڈیکل اہلکاروں، ٹیکنیشینوں، اسسٹنٹ نرسنگ اسٹاف وغیرہ کو خصوصی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہندوستان میں کورونا انفیکشن سے اموات لگاتار بڑھ رہی ہیں اور روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں نئے مریض سامنے آ رہے ہیں۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ہندوستان میں بھی یہ مہلک وبا خوفناک اسٹیج کی طرف بڑھ رہا ہے۔ آگے حالات مشکل ہونے والے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے سڑکوں پر تعینات پولس اہلکاروں، ہیلتھ خدمات سے جڑے ریاستی حکومت کے افسران اور صف اول کے دیگر اہلکاروں کو بھی کورونا وائرس سے لڑنے کی ٹریننگ دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ خصوصی ٹریننگ وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کی مدد سے دی جا رہی ہے۔

وبا کے اگلے اسٹیج میں بڑھنے والے پازیٹو معاملوں سے نمٹنے کے لیے موجودہ صف اول میں تعینات لوگوں کی جگہ لینے کے لیے ایک بڑے انسانی وسائل کی ضرورت ہوگی۔ اسی انسانی وسائل کو تیار کرنے کے لیے یہ ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ وزارت برائے فروغ انسانی وسائل نے اس کے لیے 'دیکشا' پلیٹ فارم پر آن لائن ٹریننگ پورٹل کی شروعات کی ہے۔


وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ "پولس، ہیلتھ اور دیگر اہلکاروں کو یہ ٹریننگ دینے کا مقصد انھیں کورونا کی روک تھام کے تئیں پیشہ ور بنانا اور محفوظ رہتے ہوئے کام کرنے کے طریقے بتانا ہے۔ یہ پلیٹ فارم کسی بھی جگہ، کسی بھی وقت ٹریننگ کی سہولت مہیا کرتا ہے تاکہ کووڈ-19 سے اثرانداز طریقے سے نمٹنے کے لیے ضروری ورک فورس کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔"

مذکورہ پورٹل پر مرکزی وزارت برائے صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں اور وزارتوں کی اہم جانکاریاں دستیاب کرائی جا رہی ہیں۔ ایسا اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ اس آن لائن پورٹل کے ذریعہ سے کورونا کی جنگ لڑ رہے ہیں صف اول کے اہلکار لگاتار اَپ ڈیٹ رہ سکیں۔


غور طلب ہے کہ دہلی کے ایمس، دہلی کینسر انسٹی ٹیوٹ، صفدر جنگ اسپتال اور محلہ کلینک جیسے چھوٹے ہیلتھ مراکز پر اب تک کئی ہیلتھ اہلکار اور ڈاکٹر کورونا کی زد میں آ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں پولس اہلکار اور دیگر سرکاری ملازمین بھی لگاتار کورونا کی زد میں آ رہے ہیں۔

نئے ورک فورس کو تیار کرنے اور کورونا کی روک تھام میں مصروف ملازمین کو محفوظ بنائے رکھنے کے لحاظ سے یہ ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ 'دیکشا' پورٹل سے ملک بھر کے ماہر تعلیم سمیت 1 کروڑ سے زیادہ طلبا اور اساتذہ براہ راست جڑے ہوئے ہیں۔ اسے این سی ای آر ٹی سے بھی لنک کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔