کولکاتا عصمت دری اور قتل معاملہ: آر جی کر میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش کے خلاف مقدمہ درج

کولکاتا پولیس نے سندیپ گھوش اور دیگر افراد کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 420 کے ساتھ دفعہ 120 بی اور انسداد بدعنوانی قانون 1988 کی دفعہ 7 کے تحت معاملہ درج کیا ہے

ایف آئی آر، تصویر آئی اے این ایس
ایف آئی آر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا میں خاتون ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملہ پر جہاں ایک طرف پورے ملک میں مظاہروں اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے وہیں دوسری طرف سی بی آئی اس واقعہ کی جانچ میں لگی ہوئی ہے۔ گزشتہ 4 دنوں سے سی بی آئی کی ٹیم آر جی کر میڈیکل کالج اسپتال کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ اس درمیان کولکاتا پولیس نے سندیپ گھوش اور دیگر افراد کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 420 کے ساتھ دفعہ 120 بی اور انسداد بدعنوانی قانون 1988 کی دفعہ 7 کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ کے دن آبروریزی کی شکار متاثرہ کا نام اور پہچان عوامی کرنے کے الزام میں سندیپ گھوش کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

سندیپ گھوش پر بدعنوانی کے الزام بھی لگے ہیں۔ ان کے خلاف مالی بے ضابطگی کے ساتھ ساتھ ناجائز کمیشن کے ذریعہ پیسہ وصولی کرنے اور ٹنڈرس میں ہیرا پھیری کی شکایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جانچ کے لیے ممتا حکومت نے خصوصی جانچ ٹیم تشکیل کر دی ہے جس میں سندیپ گھوش کی مدت کار کے دوران ہوئے مالی لین دین کی جانچ ہوگی۔ حکومت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ خصوصی جانچ ٹیم جنوری 2021 سے اب تک کی مدت میں مالی ضابطگیوں کی جانچ کرے گی۔ اس ٹیم کی قیادت آئی پی ایس افسر اور انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر پرنو کمار کریں گے۔ اس ٹیم میں مرشد آباد رینج کے ڈی آئی جی وقار رضا، سی آئی ڈی کے ڈی آئی جی سوما داس مترا اور کولکاتا پولیس کی ڈی سی پی اندرا مکھرجی شامل ہیں۔


سی بی آئی بھی سندیپ گھوش سے لگاتار پوچھ تاچھ کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ان کا پالی گراف ٹسٹ کرا سکتی ہے۔ واضح ہو کہ سی بی آئی کے سوالوں کا انہوں نے تسلی بخش جواب نہیں دیا ہے۔ سی بی آئی ٹیم نے پالی گراف ٹسٹ کے لیے عمل شروع کر دیا ہے، اس کے لیے اسے عدالت سے ہری جھنڈی لینی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔